• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ میں خسرہ کی وبا، مریضوں کی تعداد میں 400 فیصد اضافہ

لندن( پی اے ) یورپ میں خسرہ کی وبانے تباہی مچادی ہے اور عالمی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں خسرے سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں400فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے، ریکارڈ کے مطابق 2017کے دوران 20ہزار سے زیادہ افراد خسرہ کا شکار بنے جن میں سے کم از کم 35افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ریکارڈ کے مطابق برطانیہ سمیت 15یورپی ممالک خسرے کی وبا کا شکار ہوئے ،رومانیہ، اٹلی اور یوکرائن کے لوگ زیادہ متاثر ہوئے،ماہرین کاکہناہے کہ لوگوں کی جانب سے خسرہ سے بچائو کے ٹیکے لگوانے سے گریز اس مسئلے کی بڑی وجہ ہے۔ جبکہ 2004میں شائع ہونے والی ریسرچ میں اس ایم ایم آر کی ویکسین سے آٹزم کے امکانات کو رد کردیاگیا تھا۔عالمی ادارہ صحت کاکہنا ہے کہ معمول کے مطابق لوگوں کو ویکسین لگانے میں کمی واقع ہوئی ہے اور مخصوص گروپوں کو یہ ویکسین بہت کم تعداد میں لگائی گئی جبکہ اس مرض کی نگرانی کے سسٹم کی کارکردگی بھی ناقص رہی۔عالمی ادارہ صحت کی ڈاکٹر زسوزانا جیکب کاکہناہے کہ خسرے سے متاثرہ شخص ہم کو یہ باور کراتاہے کہ جن بچوں اور بڑوں کو ویکسین نہیں لگائی گئی خواہ وہ کہیں بھی رہتے اس مرض کاشکار ہوسکتے ہیںاور اس طرح وہ یہ مرض دوسروں تک پھیلانے کاسبب بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس صورت حال سے اگلی نسلوں کو خسرہ سے پاک معاشرہ فراہم کرنے کے حوالے سے ہمارا عزم متزلزل نہیں ہوگا اور ہم اس مرض کو ہمیشہ کیلئے ختم کرکے ہی دم لیں گے۔
تازہ ترین