• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے گناہوں کی شہادت، ایل او سی پر بھارتی درندگی کا معاملہ برطانوی پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے، تحریک حق خودارادیت

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ سے آزاد کشمیر میں بارڈر کے پاس بسنے والے بے گناہ افراد کی شہادتوں کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسے قابل مذمت قرار دیا، تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کے وفد جس میں تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، سرپرست اعلیٰ سردار عبدالرحمن خان، سالار ممتاز چشتی، ہیری بوٹا، راجہ غضنفر خالق اور سیکرٹری جنرل محمد اعظم نے بولٹن ایسٹ کی ممبر پارلیمنٹ شیڈو منسٹر برائے انصاف بیرسٹر یاسمین قریشی، بریڈ فورڈ ایسٹ کے شیڈو منسٹر آف ڈویلپمنٹ بیرسٹر عمران حسینMPسے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کہ ممبران پارلیمنٹ بھارت کی اس درندگی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو برطانوی پارلیمنٹ میں پوری شدت سے اٹھائیں۔ تحریک کے وفد نے اس موقع پر کہا کہ بھارتی افواج گزشتہ کئی سالوں سے آئے روز کنٹرول لائن کے قریب دیہاتوں پر لگاتار فائرنگ کررہی ہے اور بے گناہ شہری شہید ہورہے ہیں۔ ہزاروں مکانات تباہ اور کروڑوں روپوں کی جائیدادوں کا نقصان ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو ایٹمی قوتوں کے درمیان یہ چپقلش کسی بڑے حادثے کا بھی پیش خیمہ ہوسکتی ہے۔ لہٰذا عالمی برادری کو ہر حال میں مداخلت کرنی چاہیے تاکہ کشمیریوں کی جانوں کو بچایا جاسکے، بلکہ ممکنہ ایٹمی جنگ کے خطرے کو بھی ٹالا جاسکے۔ اس موقع پر ممبران پارلیمنٹ نے تحریکی وفد کو یقین دھانی کرائی کہ وہ نہ صرف 21فروری کو چیئرمین کشمیر گروپ کرس لیزلے MPاور دیگر عہدیداروں سے مشاورت کرکے اس مسئلے پر بھارتی اور برطانوی حکومت کو برٹش کشمیریوں کی تشویش سے آگاہ کریں گے اور برطانوی پارلیمنٹ کے اندر بھی برطانوی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے مسئلہ کشمیر کے حل میں مداخلت کا مطالبہ کریں گے۔ تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں بھارتی مظالم کے خلاف مہم کو پورے برطانیہ میں پھیلا دیا ہے۔ برطانیہ کے ہر شہر اور حلقے میں برٹش کشمیریوں نے اپنے ممبران پارلیمنٹ سے رابطے مکمل کرلیے ہیں بولٹن کی ممبر پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے تحریک حق خودارادیت کی جانب سے پارلیمنٹ میں بحث کیلئے دستخطی مہم پر دستخط کرتے ہوئے یقین دلایا کہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کرتے رہیں گے۔ تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل نے اس موقع پر ایک یادداشت بھی پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت کی جانب سے جاری سفاکیت کو برطانوی حکومت پاکستانی حکومت سے مل کر سلامتی کونسل میں اٹھائے اور اس حوالے سے خصوصی اجلاس بلایا جائے۔
تازہ ترین