• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ سیزن تھری،کرکٹ کے چاند تارے چھکے لگانے،وکٹیں اڑانے کو تیار

کراچی (جنگ نیوز ) پاکستان سپر لیگ کے کہکشاں میں دنیائے کرکٹ کےچاند ستارے ایک بار پھر جگمگانے کو اور شائقین کا لہو گرمانے کو تیار ہیں۔ ایکشن سے بھرپور کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ لاہور قلندرز کے پاس بیٹنگ کا پاور ہاؤس موجود ہے جس میں برینڈن میک کولم، فخر زمان اور کرس لین سرفہرست ہیں، یہ اگر چل گئے تو ٹیم اسکور بورڈ پر رنز کے انبار لگاسکتی ہے۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ کرس لین پہلی بار پاکستان سپر لیگ کھیل رہے ہیں۔ وہ بگ بیش، آئی پی ایل اور کیربیئن لیگ بھی کا حصہ رہ چکے ہیں۔ وہ 2015 میں بگ بیش میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے ۔ وہ کسی بھی بولنگ اٹیک کے حوصلے پست کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن بائیں کندھے کی تکلیف ان کے آگے بڑھنے کی راہ میں مسلسل رکاوٹ بنی رہی ہے۔ بولنگ میں رضا حسن، یاسر شاہ اور شاہین آفریدی کا کردار اہم ہوگا۔ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی بھی میچ ونرز کے لحاظ سے کسی سے پیچھے نہیں۔ چیمپئن کپتان ڈیرن سیمی، کرس جورڈن، شکیب الحسن اور محمد اصغر پشاور زلمی کیلئے اہم ہتھیار ثابت ہوں گے۔ دو مرتبہ کی فائنلسٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، کیون پیٹرسن، شین واٹسن اور میر حمزہ شامل ہیں۔ کیون پیٹرسن کا بین الاقوامی کیریئر ختم ہوچکا ہے لیکن جس دن وہ فارم میں ہوتے ہیں بولرز کے لیے انھیں قابو کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے صرف یہ بات مایوس کن ہے کہ وہ پاکستان آکر کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ گذشتہ سال کوئٹہ کی ٹیم لاہور کا فائنل ان کے بغیر کھیلی تھی۔ سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو مصباح الحق، جے پی ڈومینی، سیم بلنگز اور اسٹیون فن جیسے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں جو ٹیم کو جتوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتےہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کا سپر اسٹار شاہد آفریدی اس بار کراچی کنگز کیلئے چمکے گا۔ اس ٹیم میں عماد وسیم، محمد عامر، روی بوپارا اور اسامہ میر اہم کھلاڑی ثابت ہوں گے۔ پہلی بار سپر لیگ کھیلنے والی ملتان سلطانز کی ٹیم میں جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر، سری لنکن کمار سنگاکارا، ویسٹ انڈین کرکٹر ڈین براوو ، شعیب ملک اور جنید خان اہم کھلاڑی ثابت ہوسکتے ہیں۔ پولارڈ موڈ میں ہوں تو میدان میں ہلچل مچا دیتے ہیں۔ گذشتہ پی ایس ایل میں لاہور قلندر کے خلاف ان کی ناقابل شکست 45 رنز کی جارحانہ اننگز نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے کامیابی دلادی تھی۔ پولارڈ تمام ٹی 20 مقابلوں میں 7883 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ246 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔ ملتان کو جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر سے بھی بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ ڈوین براوو کو ٹی 20کرکٹ میں سب سے زیادہ 413 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ جارحانہ بیٹنگ انھیں آل راؤنڈر کی صف میں شامل کیے ہوئے ہے۔ حالیہ بگ بیش میں انھوں نے میلبورن کی نمائندگی کی ۔ آئی پی ایل میں انھیں چنئی سپر کنگز نے دس لاکھ ڈالرز کے عوض حاصل کیا ہے۔
تازہ ترین