• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی حالات کے تناظر میں وطن عزیز منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا،شہباز شریف

لاہور( جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اقوام عالم میں سربلند، باوقار اور خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کا وژن رکھتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) مشرق وسطیٰ کے صدرچوہدری نورالحسن تنویر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ منفی احتجاجی سیاست کی وجہ سے ترقی کے سفر میں ہونے والی تاخیر کا ازالہ شب روز محنت سے کر رہے ہیں۔ وطن عزیز موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز دنیا بھر میں وطن عزیز کے سفیر ہیں۔ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ان کا کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ دیار غیر میں مقیم شب و روز محنت کرنے والے پاکستانیوں نے لگن سے اپنا مقام پیدا اور وطن عزیز کا نام روشن کیا۔ دنیا بھر میں پاکستانی پروفیشنلز اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔ پاکستانیوں کی ہنرمندی اور خداداد صلاحیتوں کو دنیا مانتی ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی ترقی میں پاکستانی پروفیشنلز اور ہنرمندوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ مڈل ایسٹ میں بسنے والے پاکستانیوں نے وطن عزیز کی معیشت کے استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زندگی عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کیلئے وقف ہے۔ 2018 کے الیکشن میں جیت کر عوامی فلاح و بہبود کے مزید میگاپراجیکٹس لائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانی بھائیوں کے مسائل کے حل کیلئے فعال اور مستعد ہے اور صوبہ بھر کے اضلاع میں کمیٹیاں بھی اسی مقصد کیلئے خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ چوہدری نورالحسن تنویر نے کہا کہ شہبازشریف نے خدمت اور سیاست کے اعلیٰ معیار قائم کئے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعا گو ہیں۔وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب خالد شاہین بٹ اورکمشنر افضال بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ مادری زبان کا تحفظ ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے۔ مادری زبان میں دی جانے والی تعلیم بچوں کی ذہنی نشو و نما پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ جدید دور میں بھی مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ زبان صرف جذبات کے اظہار و خیال کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ اقوام کی شناخت بھی زبان سے ہی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی شناخت او ر بیش قیمت تہذیبی و ثقافتی میراث کے طور پر مادری زبانوں کی حیثیت مسلمہ ہے ۔مادری زبانوں کے ہر لفظ اور جملے میں قومی روایات، تہذیب وتمدن، ذہنی و روحانی تجربے پیوست ہوتے ہیں۔زبان ایک ایسا سماجی ورثہ ہے جو زمانے کے ساتھ ایک نسل سے دوسری نسل کو ملتا رہتا ہے۔زبان کو مادری اور ثقافتی ورثے کی بقاء اور اس کے فروغ کا سب سے مؤثر ذریعہ سمجھا جاتا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلاشبہ زبان کسی بھی انسان کی ذات اور شناخت کا اہم ترین جزو ہے اسی لئے اسے بنیادی انسانی حقوق میں شمار کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زبانیں دنیا بھر میں پائی جانے والی لسانی اور ثقافتی روایات کے بارے میں بہتر آگہی بھی پیدا کرتی ہیں۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے آٹھ سالہ بچے کی شہادت پر دکھ اور افسوس اور بچے کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ بھارتی فوج کی بربریت انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔ شہری آبادی کو نشانہ بنا کر بھارتی فوج انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے منگل کے روز سکھ برادری کے روحانی رہنماء و سماجی خدمات کیلئے معروف تنظیم نشکان گروپ (Nishkan Group) کے چیئرمین مہندر سنگھ آہلووالیانے ملاقات کی،جس میں باباگرونانک دیوجی کے550ویں جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ نے انہیں حکومت پنجاب کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکھ برادری سمیت تمام اقلیتو ں کے آئینی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں۔پنجاب میں سکھ برادری کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی اقدامات کئے گئے ہیں۔ گورداروں اور دیگر مذہبی مقامات کی تزئین و آرائش، تحفظ اور دیکھ بھال کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اقلیتوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت اور جان و مال کا تحفظ ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان میں سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور آئینی حقوق حاصل ہیں۔ سکھ برادری سمیت دیگر اقلیتی برادریوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے تحفظ اور سہولتیں فراہم کرنا حکومت پنجاب کی پالیسی میں شامل ہے۔ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتی کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سکھ بہن بھائیوں کی خدمت کا موقع ملنے پر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ حکومت پنجاب بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے عالمگیر اسلامی اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ نشکان گروپ کے چیئرمین مہندر سنگھ اھلووالیا نے کہا کہ پنجاب میں سکھ برادری کو سہولتیں فراہم کرنے اور مقدس مقامات کی دیکھ بھال اور تزئین و آرائش پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے شکرگزار ہیں۔پنجاب حکومت کے سکھ برادری کی فلاح کیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مکمل مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کا کریڈٹ بلاشبہ شہبازشریف کو جاتا ہے۔ شہبازشریف وژنری لیڈر ہیں جنہیں نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی پسند کیا جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مہندر سنگھ آہلووالیا کو قالین کا تحفہ دیا۔ اس موقع پرپھلدیپ سنکھ کھیلا،بوپندر سکھ مہناس ،سہیل احمد اوردیگر بھی موجود تھے ۔
تازہ ترین