• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے دور حکومت میں کارکن نظر انداز ہوئے ،مسلم لیگ ن

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنماؤں نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں پارٹی اور ملک کومضبوط بنانا ہوگا،کارکن ملک اور پارٹی کیلئے کام کرینگے تو آنیوالا وقت ایک بار پھرپارٹی اور نظریاتی کارکنوں کا ہوگا ، ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنمائوں ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ ، سنیئر نائب صدر الحاج خدائیداد خان ، نائب صدر میر جان محمد لہڑی ، مسلم لیگ یوتھ ونگ کے صوبائی صدر جہانگیر خروٹی ، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر حیدر اچکزئی ، امیر محمد اچکزئی ، توصیف گیلانی اور دیگر نے کوئٹہ میٹروپولٹین کارپوریشن میں مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام پارٹی کو فعال بنانے سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، مقررین نے کہا کہ نظریاتی اور مخلص کارکنوں نے ہمیشہ پارٹی کے لئے قربانی دیں اور آج بھی پارٹی کو فعال بنانے کیلئے کوشاں ہیں ، لیکن افسوس کہ ہمارے دور حکومت میں ہمارے ہی کارکن نظر انداز ہوئے ، لیکن کارکنوں نے مفادات کی بجائے ہمیشہ پارٹی کی مقبولیت پر توجہ دی ، انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پارٹی نے جن امیدواروں کونامزد کیا ان کو کامیاب بنانے کیلئے بھی کوشش کرینگے ، انہوں نے کہا کہ کل بھی ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف تھے اور آج بھی ہیں ، اسی طرح صوبائی صدر نواب ثناء اللہ خان زہری تھے اور رہیں گے ، انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان دبئی کے دورے پر ہیں ، ان کی وطن واپسی جلد متوقع ہے ، اس سلسلے میں 23 فروری کو ایک اہم اجلاس دوبارہ طلب کیا گیا ہے جس میں پارٹی کے صوبائی اور ضلعی رہنماء شرکت کرینگے اور صوبائی صدر کی کوئٹہ آمد پر ان کے شاندار استقبال کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا اور نواب ثناء اللہ خان زہری کی کوئٹہ آمد کے موقع پر ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا ۔
تازہ ترین