• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن، ایون فیلڈ و دیگر ریفرنسز پر گواہوں کا بیان آج ریکارڈ ہوگا

Todays Print

لندن(ودود مشتاق) نیب عدالت کے حکم پر ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل مل، فلیگ شپ انویسٹمنٹ لمیٹڈ سمیت دیگر ریفرنسز کے حوالے سے لندن میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانے کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق آج صبح 9؍ بجے دو گواہان رابرٹ ریڈلے اور راجہ اختر کا ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی جو تین روز پہلے ہی لندن پہنچ چکے ہیں وہ اس سارے عمل کی نگرانی کریں گے۔ ویڈیو لنک کا سارا انتظام پاکستان ہائی کمیشن میں کیا گیا ہے جہاں دو بڑی اسکرینیں لگائی گئی ہیں اور ہائی کمیشن کی طرف سے ایک نمائندہ ہمہ وقت موجود رہے گا اور اس سلسلے میں ہائی کمیشن نے تمام تکنیکی سہولتیں فراہم کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور لندن کے مابین تصویری مواصلاتی رابطوں کے دوران گواہان سے سوالات کئے جائیں گے جبکہ اسلام آباد میں پاناما جے آئی ٹی کے سابق سربراہ واجد ضیاء بھی موجود ہوں گے اور سوال و جواب کا سلسلہ جاری رہیگا۔ دوسری طرف پاکستان ہائی کمیشن میں گواہان کی وڈیو ریکارڈنگ کے وقت میڈیا ارکان کی بطور مبصر شرکت بھی زیر غور ہے اور اس فیصلے کا اعلان ریکارڈنگ کے وقت متوقع ہے۔ درایں اثناء ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے بدھ کے روز پاکستان ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور وڈیو لنک کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں ہائی کمیشن کے حکام سے بھی ملاقات کی۔

تازہ ترین