• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رائو انوار کے ساتھی ایس ایچ او خان پور سی ٹی ڈی میں طلب

کراچی( افضل ندیم ڈوگر )نقیب محسود قتل کیس میں نامزد پولیس افسران کو فرار اور روپوشی میں مدد دینے کے الزام میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اندرونِ سندھ تعینات راؤ انوار کے قریبی ساتھی ایس ایچ اوخان پور ایوب ڈوگر کو سی ٹی ڈی کی تحقیقاتی ٹیم نے آج طلب کرلیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق نقیب محسود کو اغوا اور جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنے کا مقدمہ درج ہوتے ہی متعلقہ پولیس افسران زیر زمین چلے گئے تھے۔ اس سلسلے میں ان کی مدد اور سہولت دینے والوں کی پولیس کی تحقیقاتی ٹیم کو سرگرمی سے تلاش ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق راؤ انوار کے شوٹر کے طور پر مشہور سہراب گوٹھ تھانے کے سابق ایس ایچ او شعیب شوٹر کو کراچی سے لاہور فرار کرانے میں مدد دینے والے امان اللہ مروت کے گن مین جمیل عباسی اور دست راست اورنگزیب کو گرفتار کرلیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے ذرائع کے مطابق راؤ انوار احمد اور ساتھیوں کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے بعد اورنگزیب اپنی گاڑی میں جمیل عباسی کے ہمراہ شعیب شوٹر اور امان اللہ مروت کے بھائی احسان اللہ مروت کو سپر ہائی وے کے راستے حیدرآباد لے گیا۔ ملزمان کے مطابق انہوں نے شعیب شوٹر کو رات 10 بجے کراچی سے روانہ ہوکر حیدرآباد پہنچنے والی ٹرین میں سوار کرایا اور دونوں ملزمان احسان اللہ مروت کو لے کر کار کے ذریعے لاہور روانہ ہوگئے۔
تازہ ترین