• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنگری میں تارکین وطن کے امدادی اداروں پر ٹیکس بڑھانے کا عندیہ

بوڈاپسٹ (نیوز ڈیسک) ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان ایک بار پھر مسلمانوں پر برس پڑے۔ انہوں نے عہد کیا کہ الیکشن میں کامیابی کی صورت میں وہ تارکین وطن کے لیے کام کرنے والے اداروں پر ٹیکس بڑھا دیں گے۔ مہاجرت اور اسلام مخالف وکٹر اوربان تیسری مدت کی خاطر میدان میں اترے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان نے کہا کہ اگر وہ الیکشن میں کامیاب ہوئے تو ان کی نئی حکومت مہاجرین کے لیے کام کرنے والے غیر سرکاری اداروں پر ٹیکس بڑھا دے گی۔ سٹیٹ آف دی نیشن خطاب میں انہوں نے خبردار کیا کہ مسلمانوں کو پناہ دینا یورپ کو تباہ کردے گا۔ ہنگری میں عام انتخابات8اپریل کو منعقد کیے جارہے ہیں۔ قدامت پسند فیڈس پارٹی کے سربراہ وکٹر اوربان تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کے منصب کے لیے تیاریوں میں ہیں۔ الیکشن سے قبل انہوں نے اپنے اسلام اور مہاجرت مخالف بیانیے میں مزید سختی پیدا کردی ہے۔ اسی تناظر میں ان کی سیاسی پارٹی نے ایک ایسا قانون بھی تجویز کردیا ہے جس کے تحت ہنگری میں آنے والے مہاجرین کی فلاح و بہبود کا کام کرنے والی این جی اوز پر بھاری جرمانے عائد کیے جاسکیں گے۔ وکٹر اوربان نے اپنے عوامی خطاب میں ایسی غیر سرکاری تنطیموں کے بارے میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر ان این جی اوز نے اپنی خطرناک کارروائیاں نہ روکیں تو انہیں ملک سے ہی نکال دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے شک یہ غیر سرکاری ادارے بہت زیادہ مالدار ہی کیوں نہ ہوں، لیکن انہیں ہنگری میں مہاجرین کے لیے کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔ اس مجوزہ قانون کے تحت پناہ کے تلاشی افراد کے لیے کام کرنے والے غیر ملکی امدادی اداروں پر25فیصد ٹیکس لاگو کیا جائے گا، جبکہ انہیں ملکی سرحدوں پر قائم کردہ عارضی رہائشی کیمپوں میں داخلے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ ہنگری میں کیے جانے والے ایسے اقدامات پر یورپی یونین کی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔
تازہ ترین