• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاصمہ جہانگیر پاکستان کا روشن چہرہ تھیں، سماجی رہنما

بریڈ فورڈ(پ ر) سائوتھ ایشین پیپلزفورم اور پختون سوسائٹی بریڈ فورڈ نے عاصمہ جہانگیر کی وفات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں بریڈ فورڈ سے تعلق رکھنے والےدانشوروں اور سیاسی رہنمائوں نے شرکت کی۔ مقررین جن میں خالد سعید قریشی، پروفیسرنذیر تبسم، پرویز فتح، یونس لالہ، ظفر تنویر، راجہ غضنفر خالق، سردارفاروق خان، ملک ریاض، گوہر باچہ، باچہ سید اور ذاکر خان شامل تھے اپنے خیالات میں عاصمہ جہانگیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہادر خاتون تھیں اور انہوں نے ساری زندگی پاکستان کے پسے ہوئے طبقات، اقلیتوں، مزدوروں، کسانوں اور خواتین کیلئے کام کیا اور عدالتوں سمیت ہر پلیٹ فارم پر جدوجہد کی۔ انہوں نے عدالت میں ایسے مقدمات میں کیس لڑے جن میں کوئی وکیل کیس لڑنے کیلئے نہیں ہوتا تھا۔ ان کی جدوجہد کی بدولت ہی پاکستان میں ہیومن رائٹس اور خواتین کی بہتری کیلئے قوانین نافذ ہوئے۔ انہوں نے ایسے لوگوں کے کیس بھی لڑے جو ان کے مخالف تھے اور ان پر کڑی تنقید کرتے تھے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ گو وہ آج ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں لیکن انہوں نے جو شمع جلائی ہے وہ ہم بجھنے نہیں دیں گے۔ وہ پاکستان کا ایک روشن چہرہ تھیں اور دنیا انہیں ایک روشن پاکستان کی حیثیت سے یاد رکھے گی۔ مقررین نے اعادہ کیا کہ جو کام انہوں نے شروع کئے تھے وہ ہم جاری رکھنے میں مدد کریں گے۔
تازہ ترین