• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیزکشمیری میرپور میں سرمایہ کاری کریں، چوہدری اعجاز رضا

سلائو(اورنگزیب چوہدری )اوورسیز کیمونٹی میرے جسم و جان کا حصہ ہے ،انہیں کسی صورت مایوس نہیں کروں گا۔ اوورسیز کشمیری میرپور میں سرمایہ کاری کریں ،ان کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی اور زیادتی نہیں ہونے دوں گا،ادارہ ترقیات میںمفاد عامہ کی جگہوں پر ہونے والی ہر قسم کی الاٹمنٹ کینسل کی جائیگی،ان خیالات کا اظہار ڈی جی میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی چوہدری اعجاز رضا نے جنگ وجیوسے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نہ کرپشن کروں گا اور نہ کرنے دوں گا،ادارہ ترقیات کے تمام سیکٹرز کے نقشوں کو مکمل اصل حالت میں بحال کریں گے،ماضی میں نقشوں میں پلاٹوں کےسائز تبدیل کر کے اضافی پلاٹ الاٹ کر کے لوگوں کا نقصان کیا گیا جس کا میں ازالہ کروں گا۔ ادارہ ترقیات کے تمام ریکارڈ تک عام آدمی کو رسائی دیں گے۔ چوہدری اعجاز رضا نے مزید کہا کہ اوورسیز کیمونٹی ادارہ ترقیات میں کسی بھی قسم کے حوالے سے ایشو پر براہ راست مجھ سے رابطہ کرے ان کے مسائل حل کیے جائیں گے، مستقبل کیلئے ادارہ کے اندر ایک ایسا مضبوط شفاف نظام بنائیںگے جس سےاہلیان میرپور سمیت اوورسیز کشمیریوں کی سرمایہ کاری کو کوئی خطرہ یا نقصان نہ ہو سکے ،انہوں نے کہا کہ کہ ہم اوورسیز کشمیریوں کا اعتماد بحال کروانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے ادارہ ترقیات کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ پر ہر قسم کا کوٹہ مکمل طور پر ختم کر دیا ہے، سب سے پہلے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور ادارہ ترقیات کے مقامی وزیر چوہدری سعید اور میں نے پلاٹوں کے اپنے کوٹے کے اختیار کو ازخود ختم کر کے پہلا قدم اٹھایا۔ڈی جی ترقیات اعجاز رضا نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بہت جلد ایک معاہدے کے تحت او پی ایف چترپری ہاؤسنگ سکیم کو ادارہ ترقیات میرپور کے کنڑول میں دیا جائےگااور او پی ایف چترپری ہاوسنگ سکیم میں ڈویلپمنٹ کے کاموں پر ایک ارب پچاس کروڑ کی رقم خرچ کی جائیگی جس سے یقینی طور پورے میرپور پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور میرپور میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل لیول کی سہولیات کے مطابق ہائوسنگ سکیم متعارف ہو گی ،انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعظم آزاد کشمیرسمیت مقامی وزیر و ممبراسمبلی کا مکمل اعتماد اور تعاون حاصل ہے،ادارہ ترقیات میں اہلیان میرپور کے مفاد کے مطابق تمام فیصلے میرٹ پر کیے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین