• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے کے ذریعے منشیات اسمگل کرنیوالا 17رکنی گروہ گرفتار

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) سینٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کو وزارت انسداد منشیات کے حکام نے بتایاہے کہ پی آئی اے جہازوں کے ذریعے منشیات سمگل کرنے والے 17رکنی گروہ کو پکڑ لیا ہے،اسمگلرز کی زمینیں قبضے میں لےلی ہیں،منشیات سمگلنگ میں تمام محکمے ملوث ہیں،ماسٹر مائنڈ پی آئی اے کا سابق ملازم ہے، قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا جس میں چیئرمین کمیٹی نے حکام سے پوچھا کہ اے این ایف منشیات سمگلنگ روکنے کے لیے کیا کر رہا ہے ؟ وفاقی وزیر انسداد منشیات صلاح الدین ترمذی نے بتایا کہ پی آئی اے کے جہازوں میں ملی بھگت سے منشیات رکھی جاتی ہے، منشیات رکھنے والے تمام ملزم پکڑے گئے ہیں اس میں تمام محکموں کے ملازمین ملوث ہیں، ماسٹر مائنڈ بھی پکڑا گیا ہے جوپی آئی اے کا سابق ملازم ہے ، ڈرگ سمگلرز کی زمینیں قبضے میں لی گئی ہیں، ایوب آفریدی کی 100 ایکڑ اراضی قبضے میں لی گئی ہے ، سیکرٹری نارکوٹکس ڈویژن اقبال محمود نے بتایا کہ ادارے کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے زیادہ تر دفاتر کرائے کی عمارتوں میں ہیں ، وزیر مملکت خزانہ رانا افضل نے کہا کہ ائرپورٹس پر منشیات کو پکڑنے کے لیے جدیدترین کیمرے نصب کیے جارہے ہیں ، ایف بی آر کی ممبر ایڈمن تسنیم رحمان نے ریونیو ڈویژن کے آئندہ مالی سال کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور 5 جاری منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا، علاوہ ازیں اقتصا د ی امور ڈ ویژن کے حکام نے کمیٹی کوبتایا کہ بیرونی قرضے کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے، چیئرمین کمیٹی نے نیشنل بنک سے کہا کہ قرضوں کی ری شیڈولنگ کے حوالے سے کچھ کمپنیوں کیساتھ امتیازی سلوک بند کیا جائے ، مرکزی بنک اپنے اختیار ا ت حدود کے مطابق استعمال کرے، کمیٹی نے معاملے کو جلد سے جلد حل کرنے کی سفارش کر دی ۔
تازہ ترین