• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم بنانے کا جھانسہ ، شہری سے 9کروڑ71لاکھ ہتھیانے والے ملزمان گرفتار

اسلام آباد (خبر نگار) شہری کو پاکستان کا وزیر اعظم بنانے کا جھانسہ دے کر 9کروڑ 71لاکھ روپے وصول کرنے والے 2 سگے بھائیوں ، ان کی بیگمات (سگی بہنوں) اور سیکرٹری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان نے حساس اداروں کے انڈر کور ایجنٹ سے تعلق ظاہر کرکے پانامہ کیس کے دوران شہری کو وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کا عندیہ دیا اور ان کی نااہلی کے بعد رقم وصول کر لی۔ ایک ارب روپے میں ہونے والی ڈیل کی باقی رقم شہری نےوزیر اعظم بننےکے بعد اداکرنی تھی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی تاہم مچلکے جمع نہ کرائے جانے پر بدھ کو ملزمان کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ملزم سہیل ، اس کی اہلیہ تارا ، ملزم طفیل ، اس کی اہلیہ صدف اور ملزم شاہد نواز کی درخواست ضمانت کی سماعت کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان نے ضمانتی مچلکے جمع نہیں کرائے جس پر فاضل جسٹس نے پانچوں ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ ملزمان نے محمد اقبال نامی شہری کو ملزمان نے فون پرکسی سے بات کرائی جس نے یقین دہانی کرائی کہ آپ کو وزیر اعظم بنا دیں گے۔ سپریم کورٹ سے نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے بعد مدعی کو یقین ہوگیا کہ سہیل اور طفیل درست کہہ رہے ہیں جس کے بعد بطورایڈوانس مدعی نے ملزمان کو 9کروڑ 71لاکھ روپے دیئے۔ مزید رقم کے مطالبے پر مدعی نے حساس ادارے کے افسر سے ملنے کا مطالبہ کیا، صدف طفیل نے ملاقات کے لئے مدعی کو لاہور بلایا تاہم مذکورہ افسر سے ملاقات نہ کرائی گئی۔شاہد خاقان عباسی کے وزیر اعظم بننے کے بعد مدعی نے رقم واپسی کا مطالبہ کیا ، ملزمان ٹال مٹول سے کام لیتے رہے جس پر مدعی نے تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج کرایا۔ ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا کہ ملزمان نے انرجی سیکٹر اور دیگر منصوبوں کا ٹھیکہ دلانے کے لئے 9کروڑ 71لاکھ روپے وصول کئے،ملزمان نے اعتماد بڑھانے کے لئے نشانات والی دستاویزات دکھائیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس نے حقائق سامنے لائے اور معلوم ہوا کہ اصل حقائق ایف آئی آر کے مندرجات کے برعکس ہیں۔
تازہ ترین