• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے مزید 11 شعبوں کی نجکاری مزید آؤٹ سورسنگ نہیں ہوگی، ترجمان سی اے اے

کراچی (اسد ابن حسن) 100 ارب روپے کی لاگت اور دس برس میں تعمیر ہونے والے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ جس کا 20 اپریل کو افتتاح وزیراعظم کریں گے، اس کے مزید 11شعبے آؤٹ سورس کیے جارہے ہیں، اس سے قبل 4 اہم شعبے آؤٹ سورس کرنے کیلئے پیشکشیں طلب کی گئی ہیں۔ ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مزید آؤٹ سورسنگ نہیں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن انتظامیہ نے رواں ماہ کے اوائل میں نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے چار انتہائی اہم شعبوں کی نجکاری کے لیے پیشکشیں طلب کی تھیں اور وہ ٹینڈر اگلے ماہ کھولے جائیں گے۔ اب ادارے نے مزید 11 شعبے نج کاری کیلئے پیش کیے ہیں جن میں ایئر فیلڈ لائٹنگ سسٹم کیلئے آپریشنز اور مینٹی نینس سروسز کی فراہمی، سول ورکس کی مینٹی نینس کیلئے افرادی قوت کی فراہمی، جنرل الیکٹریکل اور میکینکل خدمات کی فراہمی، بیگیج ہینڈ لنگ سسٹم کے لیے آپریشنز کی فراہمی اور مینٹی نینس، ایئرکرافٹ اسٹینڈ ایکوپمنٹ کیلئے آپریشنز اور مینٹی نینس سروسز کی فراہمی، ایئرپورٹ اسپیشل اور مینٹی نینس سروسز کی فراہمی، گلاس اور فیکیڈ کی صفائی، صفائی ستھرائی (Janitorial) سروسز کی فراہمی، موٹر ٹرانسپورٹ کی سروسز کی فراہمی، کمیونی کیشن آپریٹرز، فلائٹ انکوائری سروسز کی فراہمی اور پیسنجر کی سہولیاتی خدمات (Facilitation Services) شامل ہیں۔ ترجمان سی اے اے پرویز جارج نے ʼʼجنگʼʼ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس قسم کے شعبے دوسرے ایئرپورٹوں پر بھی آؤٹ سورس کیے جاچکے ہیں اور نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر مزید شعبے آؤٹ سورس نہیں کیے جائیں گے۔
تازہ ترین