• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈکیتی، رہزنی اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ، دن دہاڑے 48 لاکھ کی ڈکیتی

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) شہرمیں ڈکیتی، رہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ایک بار پھر اضافہ، مسلح ڈاکو دن دہاڑے 48 لاکھ روپے لوٹ کر فرار، اتوار کو سائٹ تھانے کی حدود میں موٹر سائیکل شو روم سے مسلح ڈاکوؤں نے 7 لاکھ روپے اور 6 موبائل فون چھین لیئے جبکہ مختلف علاقوں سے نامعلوم افراد دو موٹر سائیکلیں اور کار کے شیشے توڑ کر لیپ ٹاپ چوری کرکے فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سنہری بینک صدر سے 48 لاکھ روپے نکلواکر کر جانے والے سرکاری ٹھیکیدار کے منشی ریحان میمن ولد محمد موسیٰ اپنے دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ بینک سے تعاقب میں لگے تین مسلح ڈاکوؤں نے انہیں حسین آباد تھانے کی حدود گدو چوک پر سوغات شیریں کے قریب روکا اور بینک سے نکلوائی گئی رقم چھین کر اطمینان سے فرار ہوگئے، بھاری رقم کی ڈکیتی کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔ ایس ایچ او حسین آبادکا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کا منشی ریحان رقم نکلواکر کسی کو ادائیگی کے لئے جارہا تھا‘ چھینی گئی رقم 48 لاکھ نہیں بلکہ 45 لاکھ روپے ہے، پولیس واردات کی تفتیش کررہی ہے۔ علاوہ ازیں سائٹ تھانے کی حدود ذیل پاک مارکیٹ میں واقع موٹر سائیکل شو روم میں تین مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور شو روم مالک محمد وقاص ولد محمد اشرف سے 7 لاکھ روپے اور 6 موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے، دو روز گزرنے کے باوجود نہ تو واردات کا سراغ لگایا جاسکا ہے اور نہ ہی ملزمان گرفتار کیا جاسکے ہیں۔ دریں اثناء بی سیکشن تھانے کی حدود لطیف آباد نمبر 9 میں محبوب لان کے باہر سے شادی میں شرکت کے لئے آنے والے محمد عمران کی موٹر سائیکل نامعلوم افراد چوری کرکے فرار ہوگئے جبکہ سٹی تھانے کی حدود میں کھائی روڈ سے نامعلوم افراد عاطف کی موٹر سائیکل چوری کرکے فرار ہوگئے، بھٹائی نگر تھانے کی حدود میں عبداللہ پیلس میں نامعلوم افراد عامر خان کی کار کے شیشے توڑ کر کار میں رکھا ہوا لیپ ٹاپ چوری کرکے فرار ہوگئے۔
تازہ ترین