• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ ، ایگزیکٹ کو انکم ٹیکس وصولی کے نوٹسز کیخلاف درخواست خارج، حکم امتناع میں پھر توسیع

Todays Print

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے انکم ٹیکس وصولی کے نوٹسز کیخلاف جعلی ڈگریاں بنانے والی بدنام زمانہ ایگزیکٹ پرائیویٹ کمپنی کی درخواست غیر موثر ہونے پر خارج کردی ،عدالت عالیہ نے ہدایت کی ہےکہ درخواست گزار انکم ٹیکس کےجواب پر جواب الجواب جمع کرائے اور ترمیم کے ساتھ درخواست دوبارہ سے دائر کی جائے۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو انکم ٹيکس وصولی کے نوٹسز کے خلاف ایگزیکٹ پرائیویٹ لمیٹڈکی درخواست کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر انکم ٹیکس کے وکیل نے جواب عدالت میں جمع کرایا ، انکم ٹیکس کی جانب سے عدالت عالیہ کوتحریری طورپر آگاہ کیا گیاکہ کمشنر انکم ٹیکس کے پاس زیر سماعت ایگزیکٹ کی اپیلیں نمٹا دی گئی ہے اس لیے مذکورہ کمپنی ایگزیکٹ کی درخواست غیر مؤثر ہو گئی ہے جبکہ ایگزیکٹ کی جانب سے ایک جونیئر وکیل نےفاضل بینچ کو بتایا گیا کہ ایگزیکٹ کے سینئر وکیل شہاب سرکی سپریم کورٹ اسلام آباد میں مصروف ہیں لہٰذا عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ مہلت دی جائی، عدالت نے ایگزیکٹ کے وکیل کو 27؍ فروری تک انکم ٹیکس کے جواب پر جواب اور ترمیمی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی جبکہ عدالت عالیہ نے ٹیکس وصولی پر حکم امتناعی میں بھی توسیع کردی ہے۔ ایگزیکٹ کی جانب سے انکم ٹیکس کے نوٹسز کیخلاف درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایگزیکٹ کی تمام انکم ا سٹیٹ بینک کے ذریعے ہوتی ہے، سافٹ ویئرز کی فروخت پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا، انکم ٹيکس ڈیپارٹمنٹ نے 2009ء سے مختلف اوقات میں نوٹسز جاری کیے لہٰذا عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے جاری کیے گئے نوٹس کالعدم قرار دئیے جائیں۔

تازہ ترین