• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل، احد چیمہ 11روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

لاہور( این این آئی)احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کے الزامات کے تحت گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کو 11روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا، پنجاب کے اعلیٰ افسران بھی احد خان چیمہ سے اظہار یکجہتی کیلئے احتساب عدالت آئے ۔ ترجمان نیب نے کہا کہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے نے 32کنال اراضی رشوت لی، اختیارات کا نا جائز استعمال کیا،تفصیلات کے مطابق نیب نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کے الزام میں بدھ کے روز گرفتار کئے جانے والے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کو انتہائی سخت سکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں بٹھا کر جوڈیشل کمپلیکس میں واقع احتساب عدالت کے جج محمد اعظم کے رو برو پیش کیا ،تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہاحد چیمہ سے مزید تفتیش ،رقم کی برآمدگی ،شریک ملزمان کے حوالے سے پوچھ گچھ کرنی ہے اس لئے مزید تفتیش کے لیے 15روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جائے۔احد خان چیمہ کی جانب سے امجد پرویز ایڈووکیٹ نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی ۔ احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد احد خان چیمہ کو 11روزہ جسمانی ریمانڈ پر 5مارچ تک نیب کے حوالے کر دیا ۔سماعت سے قبل پنجاب کی بیورو کریسی سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ افسران احد خان چیمہ سے اظہار یکجہتی کیلئے احتساب عدالت پہنچ گئے ۔پولیس کی جانب سے اس موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ۔علاوہ ازیں ترجمان نیب نے کہا ہے کہ ملزم احد چیمہ پر مبینہ طور پر 32 کنال اراضی بطور رشوت وصول کرنے کا الزام ہے اورملزم کی گرفتاری کے دیگر ٹھوش شواہد موجود ہیں۔احد چیمہ کی گرفتاری قطعی غیر قانونی نہیں۔آشیانہ ہائوسنگ پراجیکٹ میں اربوں روپے کی کرپشن میں ملزم کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔
تازہ ترین