• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائنسدانوں نے بڑھتی عمر کے اثرات کنٹرول کرنے کا طریقہ ڈھونڈ لیا؟

کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں بڑھتی عمر کو کنٹرول کرنے کیلئے مختلف ٹوٹکے آزمائے جاتے ہیں جبکہ سائنسدان بھی بڑھتی عمر کے اثرات زائل کرنے اور مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ اسی سلسلے میں امریکا کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے ماہرین نے امکان ظاہر کیا ہے کہ چوہوں پر کیے جانے والے تجربات کے نتیجے میں انہیں حوصلہ افزا نتائج ملے ہیں جنہیں آئندہ برسوں میں انسانوں پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سائنس میگزین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں قائم یونیورسٹی کے ماہرین نے چوہوں پر ابتدائی تجربات کیے جس میں انہوں نے بوڑھے چوہوں کے جسم میں نوجوان چوہوں کا خون شامل کیا۔ محققین نے ان تجربات کے دوران وہ خامرہ (انزائم) دریافت کیا جو بڑھتی عمر کی وجہ سے دماغ کی صلاحیت کو کمزور کرتا ہے اور اس کی کارکردگی کم ہو جاتی ہے۔ اب تک یہ تجربہ صرف چوہوں پر کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے اور اگر انسانوں پر یہ عمل ممکن ہو تو بڑھتی عمر کو روکنے کیلئے نئی طریقے دریافت کیے جا سکتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیورو بایولوجسٹ سال ولیڈا کی زیر قیادت ماہرین کی ایک ٹیم نے بوڑھے چوہوں (پارٹ اے) کو نوجوان چوہوں (پارٹ بی) کا خون فراہم کیا جس سے پارٹ اے کی ذہنی صلاحیت، ان کی یادداشت اور سیکھنے کا رجحان بڑھ گیا۔ اسی طرح کے ایک اور تجربے میں دیکھا گیا جب پارٹ بی کو پارٹ اے کا خون فراہم کیا گیا تو نوجوان چوہوں میں بڑھتی عمر کے اثرات نمایاں ہونے لگے۔ اس تجربے کیلئے ماہرین نے پیرا بایوسس (Parabiosis) کی تکنیک استعمال کی جس میں پارٹ اے اور پارٹ بی کے خون کے گردش کے نظام کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑ کر خون منتقل کیا گیا جس کے بعد محققین نے خون کے ذریعے دماغ تک پہنچنے والے ایک مخصوص خامرے (انزائم) کی سطح کا جائزہ لیا جو بڑھتی عمر کے اثرات کو نمایاں کرتا ہے۔ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کی ماہر جیرالڈین گونتیئر کا کہنا تھا کہ نتائج دیکھ کر پہلے تو ہمیں یقین نہیں آ رہا تھا، ہم نے کئی مرتبہ نتائج کی تصدیق کیلئے کئی مرتبہ وہی تجربات دہرائے اور اس کے بعد ہمیں یقین ہوا کہ یہ حوصلہ افزا تکنیک ہے۔ ماہرین کے مطابق اس انزائم کا نام Tet2 (ٹین ایلیون ٹرانس لوکیشن میتھائل سسٹوسین ڈائی آکسی گنیز 2) ہے جو کئی جینز میں سرگرمیوں کو ضابطے میں رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جیسے جیسے ہم بوڑھے ہوتے جاتے ہیں ویسے ہی مختلف جینز میں یہ اس انزائم کی مقدار بڑھ جاتی ہے جس سے کینسر، فالج اور امراض قلب کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ ان جینز میں کچھ ایسی بھی ہیں جو دماغ کے خلیوں کو از سر نو افزائش میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جو بڑھتی عمر کے ساتھ کم کارآمد ہونے لگتی ہیں۔
تازہ ترین