• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے کو ضرورت کےمطابق پانی فراہم کیا جائے،نثارکھوڑو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے کو ضرورت کے مطابق پانی فراہم کیا جائے، سندھ کے کاشتکاروں کی پانی کی شکایت جائز ہے مرکزی حکومت کو اس مسئلے کو حل کرنا ہوگا، کیونکہ پانی زندگی و موت کا مسئلہ ہے ۔ وہ سندھ چیمبر آف ایگری کلچر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر محمد خان کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر آباد گاروں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و داخلہ سہیل انور سیال، سینئر سیاستدان و اقوام متحدہ میں سابق سفیر عبداللہ حسین ہارون، سندھ چیمبر آف ایگری کلچر کے صدر گبول محمد کہٹیان، ناہید میمن، زاہد بھرگڑی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ عشایئے میں بلوچستان کے سابق گورنر و وزیر اعلیٰ نواز ذوالفقار علی مگسی، قاضی اسد عابد ، ذوالفقار ستار بچانی ، سعید ستار، لیاقت علی خان گبول ایڈوکیٹ، نبی بخش سہو اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنےوالی شخصیات نے شرکت کی۔ عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ کو پانی فراہم کرنے کے بجائے کالا باغ ڈیم کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں دنیا کا جدید نہری نظام موجود ہے،جس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر زراعت و داخلہ سیال انور سیال نے عشایئے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنے کی خریداری تاخیر ضرور ہوئی ہے تاہم اس کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے ہم نے باسمہ والوں کو خط لکھا تھا کہ سندھ کو چینی برآمدکرنے کی اجازت دی جائے،جس پر توجہ دی نہیں گئی۔عبداللہ حسین ہارون نے بھاشا ڈیم کی فوری تعمیر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شرم کی بات ہے کہ سندھ کے کاشتکار پانی کی کمی کے سبب پریشانی سے دوچار ہیںگبول محمد کہٹیان نے کہا کہ اگر پانی کے مسئلہ پر توجہ نہیں دی گئی چند سال میں سندھ بنجر ہوگا پانی ذخیرہ کرنے کے لیے منصوبے ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا ہوں گے۔ زاہد بھرگڑی نے کہا کہ ہمارے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ بھارت میں4ہزار ڈیمز ہیں اور چین میں7ہزار ڈیمز موجود ہیں۔
تازہ ترین