• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوہزار سترہ میں جوبلی لائف انشورنس کا قبل ازٹیکس منافع23فیصدبڑھ گیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جوبلی لائف انشورنس کمپنی نے 145فیصد فائنل کیش ڈیویڈنڈ (14.5 روپے فی شیئر) کی تجویز کے ساتھ 31دسمبر 2017کو اختتام پذیر ہونے مالی سال کے مالیاتی نتائج کا اعلان کیا ہے۔ یہ ڈیویڈنڈ 30 فیصد عبوری کیش ڈیویڈنڈ کے علاوہ ہے جس کے بعد سال 2017کیلئے مجموعی کیش ڈیویڈنڈ کی ادائیگی 175فیصد (17.5روپے فی شیئر) ہوجائے گی۔ کمپنی نے قبل از ٹیکس منافع سال 2016میں 3,152ملین روپے کے مقابلے میں سال 2017کے دوران 23فیصد اضافے کے ساتھ 3,876ملین روپے حاصل کیا۔ کمپنی کا منافع بعد از ٹیکس سال 2016 میں2,108ملین روپے کے مقابلے میں سال 2017کے دوران 22فیصد اضافے سے 2,570 ملین روپے رہا۔ فی شیئر آمدن (ای پی ایس )سال 2016 میں 26.57روپے سے بڑھ کر 22فیصد اضافے کے ساتھ سال 2017میں 32.39روپے ہوگئی ۔ ان نتائج کا اعلان بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے کمپنی کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے موقع پر چیئرمین کمال اے چنائے کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا گیاجوبلی لائف کیلئے سال 2017ایک اور پختہ کارکردگی کا حامل سال رہا اور مختلف خود مختار اداروں کے ایوارڈز کی صورت میں اس کی شاندار کارکردگی کا اعتراف کیا گیا، جن میں پی ایس ایکس ٹاپ 25 کمپنیز ایوارڈ برائے 2016 اور پانچواں ایف پی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈ برائے 2016 شامل ہیں۔ مالیاتی نتائج کے بارے میں جوبلی لائف کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او جاوید احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نتائج ہماری بہترین کارکردگی کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں ۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ ہماری جیسی کارکردگی کا حامل کوئی نہیں ہے۔ پورے پاکستان میں موجودگی کے ساتھ ہم بے شمار خاندانوں اور گھرانوں کے بدستور بیمہ کار ہیں اور ہماری کامیابیاں بشمول کاروباری شعبے کے معزز ایوارڈز ہمیں پاکستان کے بیمہ زندگی کے شعبے میں رہنما بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی لائف مستحکم منافع کے ساتھ بہترین کاروباری ترقی کی حکمت عملی پر کام جاری رکھے گی۔
تازہ ترین