• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم خواتین پر تقریبات ہوں گی، مقبوضہ کشمیر میںعورتوں اور بچوں پر بھارتی مظالم اجاگر کریں گے، تحریک حق خودارادیت

مانچسٹر( جنگ نیوز) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کشمیری وپاکستانی تنظیموں اور خواتین رہنمائوں کی معاونت سے خواتین کے عالمی دن 8مارچ سے لے کر 27 مارچ تک تقریبات منعقدہ کرے گی۔ تحریک کی برطانیہ میں چیئر پرسن کونسلر یاسمین ڈار سیکرٹری جنرل صدر اعظم اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ 8مارچ کو برسلز جائیں گی جہاں نارتھ ویسٹ سے ممبر ارکان پارلیمنٹ جولی وارڈ ایم ای پی اور واجد خان ان کی معاونت کریں گے۔ تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین یارکشائر کی خواتین رہنمائوں کے ہمراہ ویکفیلڈ میں یارکشائر سے یورپی ممبر پارلیمنٹ لنڈا میکائون ایم ای پی اور لیڈز کی ممبر پارلیمنٹ ریچل ریوز ایم پی کی طرف سے منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے جب کہ تحریک کی یارکشائر سے رہنما عطرت علی، ہیری بوٹا، ڈیوز بری میں کنزرویٹو پارٹی کی رہنما اور ورکس اینڈپنشن کی وزیر الیسٹر میکوائے تقریب میں شرکت کرکے مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں پر ہونے والے بھارتی مظالم اور آزاد کشمیر میں کنٹرول لائن پر فائرنگ اور سویلین شہادتوں سے بھی آگاہ کریں گے۔ برطانیہ بھر میں تقریبات کے بعد تحریک کے زیر اہتمام آخری تقریب 27 مارچ کو برطانوی پارلیمنٹ میں جسٹس کانفرنس ہوگی جس میں آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سے بھی مندوبین شرکت کریں گے جس کے لئے آل پارٹیز کشمیر گروپ کے چیئرمین کرس لیزلے ایم پی اور دیگر عہدیدار معاونت کریں گے۔ ان پروگراموں کی منظوری تحریک کے ایک خصوصی مشاورتی اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کی جب کہ اس میں یورپی پارلیمنٹ میں نارتھ ویسٹ کے ارکان واجد خان ایم ای پی،جولی وارڈ ایم ای پی، تحریک کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، یارکشائر کے سیکرٹری کونسلر اصغر خان قریشی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے سابق کوآرڈینیٹر ساجد قریشی نے بھی شرکت کی۔ راجہ نجابت حسین نے اجلاس کو بتایا کہ ہماری حالیہ کوششوں سے جہاں  برطانوی اور یورپی ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اپنے ایوانوں میں مسئلہ کشمیر اٹھایا ہے وہیں کنٹرول لائن پر حالیہ شہادتوں کو زیر بحث لانے کے علاوہ مسئلہ کشمیر کے پرامن سیاسی حل کیلئے برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ میں ہمارے دوستوں نے اپنی کوششوں کو تیز کردیا ہے۔ دونوں پارلیمنٹس کے گروپوں نے صدر آزاد کشمیر، وزیراعظم آزاد کشمیر اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے عہدیداروں کو کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سے مارچ کے آخری ہفتے میں دعوت دی ہے جس کے لئے تحریکی عہدیدار انتظامات کو آخری شکل دے رہے ہیں۔
تازہ ترین