• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گریٹر مانچسٹر مسلم کمیونٹی کے زیراہتمام25فروری کو تقریب ہوگی

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) گریٹر مانچسٹر مسلم کمیونٹی تنظیم اسلام کی حقیقی تصویر پیش کرنے اور مسلمان کمیونٹی کا دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ باہمی محبت و اخوت، یگانگت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے 25فروری اتوار شام چھ بجے پاکستانی کمیونٹی سینٹر لانگ سائیڈ مانچسٹر میں پروگرام منعقد کرے گی۔ جس میں ممبر برطانوی پارلیمنٹ افضل خان ممبر یورپین پارلیمنٹ ڈاکٹر سجاد حیدر کریم بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔ تنظیم کی ڈائریکٹر کے بیگ نے میڈیا کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ مانچسٹر ایرینا میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ اور لندن میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے بعد مسلمانوں کو دہشت گرد اور اسلام کو انتہا پسند مذہب کے طور پر پیش کیا گیا۔ حالانکہ مٹھی بھر عناصر کا نہ ہی اسلام سے کوئی واسطہ ہے اور نہ ہی انسانیت کے زمرے میں آتے ہیں، یہی سوچ نے ہمیں اس تنظیم کے سائے تلے ایسی تقریبات کی طرف مائل کیا، تاکہ برطانیہ اور دنیا بھر میں بسنے والی غیر مسلم کمیونٹی کو بتایا جاسکے کہ اسلام امن پسندی، صلح جوئی اور مل جل کر رہنے اور دوسرے مذاہب کی عزت و احترام کا اولین درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں باپردہ خواتین پر جنسی حملے بھی کیے گئے، اس تمام تر تاثر کو زائل کرنے اور تمام کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے ہم اپنی تمام تر توانائی صرف کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔ تاکہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرے میں امن سے رہ سکیں۔ جہاں رنگ و نسل اور مذہب کی وجہ سے ایک دوسرے سے حقارت نہ ہو۔ تنظیم کے چیئرمین فیصل رضا خان، وائس چیئرمین سالیسٹر طاہر شیخ، طیب امجد اور آئی ٹی آفیسر طلحہ خان نے پروگرام کے لیے تیاریاں شروع کردیں۔
تازہ ترین