• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کمیونٹی دوسروںکے مقابلے میںآگے بڑھ رہی ہے، اینڈریوسٹیون ایم پی

کوونٹری (نمائندہ جنگ) پاکستان کی خطے میں اپنی ایک علیحدہ حیثیت ہے جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ برطانیہ و یورپ میں مقیم کشمیریوں پاکستانیوں نے ہر سطح پر جدوجہد کی اور جن ممالک میں رہ رہے ہیں وہاں اپنا وقار بلند کیا۔ ان خیالات کا اظہار ممبر آف پارلیمنٹ (برٹش)، پولیس آفیسر، فائر بریگیڈ آفیسر، سول سوسائٹی کے افراد نے کوونٹری فلاور کی تقریب میں کیا۔ ممبر پارلیمنٹ اینڈریو سٹیون نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں، یہاں مقیم افراد اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، ہر شخص ترقی کی راہ پر گامزن ہے، دیگر کمیونٹیز سے پاکستانی بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان جانے کے لئے پاکستان کی ائرلائن پی آئی اے کمال کی ائرلائن ہے، فائر بریگیڈ و پولیس کے آفیسر مسٹر جاکسن اور ایرک پیٹر نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں پڑھا ہے کہ ایک خوبصورت ملک ہے، چندہ ماہ بعد پاکستان کا دورہ کروں گا اور مجھے پی آئی اے سے ہی سفر کرنا ہے کیونکہ مجھے شوق ہے کہ پاکستان دیکھوں اور اس کی اپنی ائرلائن پر سفر کروں۔ پاکستان ایک اہم ملک ہے جس کے بارے میں ہمیں معلومات بھی ہیں اور کچھ معلومات یہاں مقیم پاکستانی ہمیں دیتے رہتے ہیں۔ کوونٹری فلاور کے عہدے داران چوہدری عامر، ملک وقار نے کہا کہ پاکستان ایک منفرد ملک ہے یہاں خوبصورت موسم اور مختلف آب و ہوا کے ساتھ ساتھ موسمی فروٹ دستیاب ہیں۔ حکومت نے امن کا ایک ایسا ماحول بنا رکھا ہے کہ سب کو تحفظ فراہم ہے۔ غیرملکیوں کو کسی قسم کی کوئی دشواری نہیں وہ پرامن ماحول میں رہ کر اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔ پاکستان ایک ایسا خوبصورت ملک ہے جہاں زندگی آرام و سکون سے گزرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے چیئرمین عرفان الٰہی، سی ای او ڈاکٹر مشرف نے پی آئی اے کو ایک خوبصورت، پرسکون ائرلائن بنانے کے لئے اقدامات کر رکھے ہیں جن کی صلاحیتوں سے آج ہر شخص پی آئی اے پر سفر کو ترجیح دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ آئندہ ماہ چھٹیوں میں برٹش کا ایک گروپ پاکستان کا دورہ کرے گا۔ مس کوئن نے کہا کہ وہ پاکستان جا چکی ہیں، انہیں پاکستان میں رہنے اور پی آئی اے کے سفر سے سکون ملا، وہ آئندہ بھی پاکستان جائیں گی۔ اس موقع پر خرم ملک، خلیل، چوہدری عامر، راجہ فاروق نے کہا کہ کوونٹری فلاور کا مقصد جہاں پاکستان کا نام اور مقام بلند کرنا ہے وہاں پاکستان کے اداروں کو مضبوط بنانے میں بھی کردار ادا کرنا ہے۔ آج پی آئی اے ایک بہترین ائرلائن کی طرف گامزن ہے۔ ڈاکٹر مشرف اور عرفان الٰہی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ ان کی ذاتی دلچسپی سے قومی ائرلائن کامیابی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ قومی اداروں کی ترقی کے لئے بالخصوص پی آئی اے سے متعلق آگاہی پروگرام شروع کئے جائیں تاکہ عوام کو اپنے اداروں اور قومی ائرلائن سے متعلق پتہ چل سکے اور سفر کرنے کے لئے اسے ترجیح دیں۔ انہوں نے ملک وقار اور پی آئی اے برطانیہ کے کنٹری منیجر قاضی سراج کی خدمات کو بھی سراہا۔
تازہ ترین