• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

المصطفیٰ ٹرسٹ چھ برس سے روہنگیا مسلمانوں کی مدد کررہا ہے، عبدالرزاق ساجد

لندن(جنگ نیوز) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا ہے کہ المصطفیٰ برطانیہ کی واحد چیریٹی ہے جو برما کے روہنگیا مسلمانوں کی چھ برسوں سے متواتر امداد کر رہی ہے ، وہ ذاتی طور پر دو مرتبہ برما کے اندر اور گزشتہ سال ستمبر سے لے کر رواں مہینے فروری تک مسلسل سات مرتبہ کاکس بازار بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمانوں کے مہاجر کیمپوں کا دورہ کر کے وہاں امدادی سامان تقسیم کر چکے ہیں۔ المصطفیٰ برما کے مظلوم مسلمانوں کے لئے امدادی مشن کئی برسوں سے جاری رکھے ہوئی ہے اور خدمت انسانیت کا سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہنسلو لندن میں واقع المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے مرکزی دفتر میں بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجر کیمپوں کے دورہ سے واپسی کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان یو کے چیمبر آف کامرس کے صدر چوہدری محمد صدیق، ہنسلو جامع مسجد کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد شفیق، افضال کیانی، زبیر احمد ایڈووکیٹ، محمد راشد خان، شیخ سربلند، حاجی منیر احمد، گل زریں خان، ناصر بشیر وارثی، صدف جاوید، نثار احمد، شمامہ لطیف، حمزہ میر اور بیرسٹر اسرار یونس بھی موجود تھے۔ عبدالرزاق ساجد نے بتایا کہ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ستمبر سے اب تک دو لاکھ 15ہزار سے زائد افراد کو خوراک، پانی، ادویات، علاج کی سہولیات، خیمے، چٹائیاں اور دیگر سامان تقسیم کر چکی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر امدادی سامان کی تقسیم مسلسل جاری ہے۔ المصطفیٰ کی ٹیم ان کی قیادت میں دو ہفتے روہنگیا مہاجرین کیمپوں میں گزار کر واپس پہنچی ہے جس کے دوران کاکس بازار بنگلہ دیش میں ہزاروں افراد کو راشن کے تھیلے، کپڑے، جوتے، ادویات، کمبل، ادویات تقسیم کی گئیں جبکہ میڈیکل کیمپوں میں علاج کی فراہمی اور پینے کے صاف پانی کے لئے ٹیوب ویل اور نلکے نصب کئے گئے۔ مہاجر ین برما کے لئے 800فٹ گہرا بور کر کے ٹیوب ویل نصب کیا گیا جس کے ساتھ جنریٹر بھی لگایا گیا۔ المصطفیٰ کے ذریعے برطانیہ میں مسلمان کمیونٹی کے نمائندے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ روہنگیا مسلمانوں کو درپیش بحران کا مستقل حل نکالا جائے اور انھیں اپنے ملک برما میں اس ضمانت پر واپس بھیجا جائے کہ وہاں روہنگیا مسلمانوں کی شہریت بحال کرکے انھیں جائیداد، کاروبار، زندہ رہنے کا حق دیا جائے گا۔ متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں امن فوج کے دستے تعینات کئے جائیں تا کہ روہنگیا کے مسلمان بھی زندگی کی خوشیاں دیکھ سکیں اور انھیں بھی دوسرے انسانوں کے برابرجینے کا حق دیا جائے۔
تازہ ترین