• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی فریج سازی میں 26 فیصد اضافہ،سگریٹ کی پیداوار میں42 فیصد کمی

لاہور ( رپورٹ :ریاض الحق)2016-17 کے دوران ملکی فریج سازی میں 26 فیصد اضافہ جبکہ سگریٹ کی پیداوار میں42 فیصد کمی ہوئی،مذکورہ عرصے میں ادویات سیمنٹ، چائے،گاڑیوں، چینی اور گھی کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ملک میں آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ صنعتی مصنوعات کی پیداوار بھی بڑھتی جارہی ہے جس سے ناصرف صنعتی شعبے کے فروغ میں مدد حاصل ہو گی بلکہ اس سے شہریوں کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کا کام بھی احسن انداز سے ہو سکے گا۔ ملک میں گزشتہ ایک عشرے سے لوڈشیڈنگ اور دیگر معاشی مشکلات کے باعث ناصرف صنعتی شعبہ انحطاط کا شکار رہا ہے بلکہ اس سے مینوفیکچرنگ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے تاہم بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث کئی صنعتی مصنوعات کی پیداوار میں ناصرف اضافہ ہوا بلکہ اس سے ملک میں صنعت کا پہیہ بھی چلتا رہا۔ جنگ ڈیولپمنٹ رپورٹنگ سیل نے 2015-16ء کی نسبت 2016-17ء کے دوران ملک میں مختلف صنعتی مصنوعات کی پیداوار کے حوالے سے جو رپورٹ مرتب کی ہے اس کے مطابق 2016-17ء کے دوران ملک میں ڈیپ فریزر کی پیداوار میں 45.29، چینی کی پیداوار میں 29.33، ریفریجریٹر کی پیداوار میں 25.85، ادویات کے سیرپ میں 9.33، گولیوں کی پیداوار میں 5.44، سیمنٹ کی پیداوار میں 7،چائے کی پیداوار میں 5.34، گاڑیوں میں جیپوں اور کاروں کی تعداد میں 4.68، ویجیٹیبل گھی کی پیداوار 2.28 اور کوکنگ آئل کی پیداوار میں 2.05فیصد اضافہ ہوا۔ وفاقی ادارہ برائے شماریات کے مطابق 2015-16ء کے دوران ملک میں 55 ہزار 206 ڈیپ فریزر تیار کئے گئے جبکہ 2016-17ء کے دوران یہ تعداد 80 ہزار 208 تک تجاوز کرگئی۔
تازہ ترین