• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی پنجاب ہائوس آمد،بالکونی میں کھڑےہو کرکارکنوں سے خطاب، بعض وزراء فرط جذبات سے اشکبار، جھلکیاں

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) جمعرات کو سبکدوش وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں حاضری کے بعد مارگلہ کے دامن میں واقع وسیع و عریض خوشنما پنجاب ہائوس پہنچے تو وہاں کارکنوں اور رہنمائوں کے اژدھام کی وجہ سے تل دھرنے کے لئے جگہ نہیں تھی یہ لوگ مرکزی راہداری، سبزہ زار، مرکزی گزرگاہ اور عمارت کے ہر حصے میں کھچا کھچ بھرے تھے۔ نواز شریف پہلے عمارت کی چھت پر نمودار ہوئے بعد ازاں انہوں نے بالکونی میں کھڑے ہو کر مرکزی ہال میں جمع پرجوش کارکنوں سے خطاب کیا۔اس موقع پر وہ قدرے جذباتی ہوگئے اور انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ لوگ کفن پہن کر میدان میں اتر آئے ہیں، میں بھی بحالی عدل کی اس جدوجہد میں آپ سے آگے ہوں گا۔مجھے ان لوگوں سے ہمدردی ہے جن کے اندازے میرے بارے میں غلط ثابت ہوئے۔میں نے ڈٹ جانے اور پیچھے کی طرف نہ دیکھنے کا عزم کرلیا ہے۔دنیا دیکھے گی کہ حق و صداقت کیونکر سرفراز و سربلند ہوتا ہے اور جھوٹ مکروفریب ذلت کی اتھاہ گہرائیوںمیں گرتا ہے۔ اس موقع پر محترمہ مریم نواز بھی ان کے ہمراہ تھیں۔نواز شریف کے عزم و حوصلے کو دیکھ کر فرط جذبات سے کئی افراد اشکبار بھی ہوئے جن میں بعض وزراء بھی شامل تھے۔ نواز شریف کا یہ خطاب اس قدر جذباتی تھا کہ ہر عمر کے کارکنوںنے اچھل اچھل کر نواز شریف سے یک جہتی کا اظہار کیا بعد ازاں نواز شریف نے پنجاب ہائوس کے بڑے مہمان خانے میں سینئر کارکنوں کی مجلس برپا کی جس میں معروف نعت خواں عبدالرزاق جامی نے کلام اقبال سنایا یہاں بلوچستان سے قومی اسمبلی کی رکن محترمہ کرن حیدر نے سیاسی صورتحال کے بارے میں تازہ نظم سنائی جس میں نواز شریف اور مسلم لیگ نون کی فتح و کامرانی کا مژدہ سنایا گیا۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی جواں سال رکن محترمہ سحرش قمر نے اظہار خیال کرتےہو ئے اس وقت سماں باندھ دیا جب انہوںنے کہا کہ پاکستان کے نوجوان کسی بدکردار شخص کا وجود گوارا نہیں کرتے وہ نواز شریف کے ساتھ ہیں اور یہ غلط فہمی دور ہوجانی چاہئے کہ اب نوجوان گھر بیٹھ جائیں گے وہ نواز شریف کے قدم سے قدم ملا کر اس ملک میں تحریک عدل کا بول بالا کرینگے۔ سحرش قمر نے کہا کہ مجھے اندیشہ ہےکہ کہیں پاکستان مسلم لیگ نون کی حمایت کرنے والوں کے شناختی کارڈ منسوخ کرنے کا اعلان نہ ہوجائے اور مسلم لیگی کارکنوں کے سینے چاک کرکے ان کے دلوں پر نقش نواز شریف کانام کھرچنے کے احکام صادر نہ ہوجائیں اس پر زبردست قہقہہ پڑا۔ اس چوپال میں نواز شریف نے پنجاب اسمبلی کی رکن محترمہ عظمیٰ بخاری کو عقبی نشستوں پر دیکھا تو انہوں نےمنتظمین سے کہا کہ یہ ہماری فائٹر شیرنی ہے انہیںآگے جگہ دی جائے۔ گفتگو کے وسط میں وفاقی وزیر داخلہ منصوبہ بندی و ترقیات جب دروازے سے داخل ہوئے تووہاں ہجوم کی وجہ سے انہیںجگہ نہیں مل رہی تھی ابھی وہ آخری صف میں کھڑے تھے اور جگہ کے متلاشی تھے نواز شریف نے کہا کہ یہ کارکنوں کی محفل میں وہیں بیٹھ جائیں جس پر احسن اقبال عقبی صف میں ہی بیٹھ گئے۔ وفاقی وزیر سید جاوید علی شاہ نے کہا کہ سیاستدان کبھی نہیں مرتا وہ غوطہ خور کی طرح ہوتاہے کبھی سطح آپ پر رہتاہے اور کسی وقت ڈبکی لگا کر غائب ہوجاتا ہے لیکن پھر سطح آب پر آجاتا ہے۔ شجاع آباد سے تعلق رکھنے والے جاویدشاہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھرپور توجہ دی ہے اور شاندار ترقی کی ہے آئندہ انتخابات میں ثابت ہوجائے گاکہ جنوبی پنجاب نواز شریف کا قلعہ ہے۔ رکن قومی اسمبلی سید ثقلین شاہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے دشمن نامراد ہونگے اور ذلیل و خوار بھی ہونگے۔ 
تازہ ترین