• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ ، نادرا سے مذہب کا خانہ تبدیل کرنیوالے سرکاری ملازمین کا ریکارڈ طلب

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے نادرا سے 60 سال یا ریٹائرمنٹ کے بعد مذہب کا خانہ تبدیل کرنے والےسرکاری ملازمین کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ فاضل عدالت نے مذکورہ احکامات الیکشن ایکٹ 2017ءمیں ختم نبوت سے متعلق پرانے قوانین کو حذف کرنے کے خلاف مولانا اللہ وسایا کی درخواست کی سماعت کے موقع پر جاری کئے۔ کیس کی سماعت آج دوبارہ ہو گی۔ جمعرات کو فاضل جسٹس نے سماعت کی تو درخواست گزار کی جانب سے حافظ عرفات ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017ءگزشتہ سال اکتوبر میں منظور ہوا جس میں قادیانی اور احمدی گروپ سے متعلق پرانے قوانین کو شامل نہیں کیا گیا اور ختم نبوت کے حوالے سے حلف میں ترمیم کی گئی ، نئے ایکٹ میں آٹھ مختلف پرانے الیکشن قوانین کو ختم کر دیا گیا ہے جن میں اقلیتوں کے حوالے سے شقیں بکھری ہوئی تھیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اقلیتوں سے متعلق تمام پرانی شقیں بحال کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں اور کوتاہی کے مرتکب ذمہ داران کے تعین کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔ درخواست گزار کے وکیل کے دلائل جاری تھے کہ عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت آج بروز جمعہ تک ملتوی کر دی۔
تازہ ترین