• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی، مختلف شہروں میں لیگی کارکنوںک ے احتجاجی مظاہرے

میرپورخاص+ڈگری (نامہ نگاران ) سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو پارٹی صدارت کے عہدہ کے لئے نااہل قرار دینے کے فیصلے کے خلاف مسلم لیگ(ن) میرپورخاص ڈویژن کے زیر اہتمام پریس کلب میرپورخاص کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے کی قیادت آصف معراج راجپوت،زاہد قائم خانی،شفیق احمد صدیقی اور دیگر کررہے تھے۔مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) کی حمایت میں نعرے تحریر تھے۔مظاہرین خاصے پرجوش تھے اور وہ وقفہ وقفہ سے اپنے قائدین اور پارٹی کے حق میں نعرے لگے رہے تھے۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف مسلم لیگ(ن) کے ہی نہیں بلکہ ملک بھر کے غریب کچلےاور مظلوم عوام کے قائد ہیں اور عدالتی فیصلے انہیں عوام اور کارکنوں کے دلوں سے نہیں نکال سکتے ہیں۔دریں اثناءمسلم لیگ(ن)میرپورخاص ڈویژن کے سینئر نائب راجہ تنویر احمد ایڈوکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف ملک وقوم کادرد رکھنے والے ایک ایماندار،نڈر اور بہادر رہنما ہیں،جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے،ملک سے دہشت گردی کے خاتمے،کراچی کی روشنیاں بحال کرنے کے لئے جرأت مندانہ فیصلے کئے ہیں۔انہیں سیاست سے ہٹانے کے لئے مسلسل سازشیں ہورہی ہیں۔ ڈگری سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری آصف معراج راجپوت نے کہا ہے کہ نواز شریف کو نااہل قرار دینا بنیادی حقوق کے خلاف ہے جس سے عوام کی بے چینی اور اضطراب میں مزید اضافہ ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف مسلم لیگ ن کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور نواز شریف کے مینڈیٹ کو نظر انداز کیا جارہا ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے۔ مظاہرے سے زاہد قائم خانی، اشرف خان، شفیق صدیقی، نوشابہ ناز، عدنان قریشی نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین