• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھپرو شہر میں ایک بار پھر تجاوزات قائم کرنے کا سلسلہ شروع

کھپرو (نامہ نگار) کھپرو شہر میں سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا تھا ۔جس میں شہر کی سبزی مارکیٹ ، گوشت مارکیٹ ، جامع مسجد کے اطراف اور شہید چوک ، ہتھونگو روڈ ، میر پور خاص روڈ ، سانگھڑ روڈ، سوینجی روڈاور شاہی بازار میں قائم غیر قانونی چھپرے، دکانیں ،تھلے اورعمارتوں کا صفایا کیا گیا تھا جس کے بعد شہر کی کھوئی ہوئی خوبصورتی طویل عرصے بعد لوٹنے کی امید جاگ اٹھی تھی ۔تجاوزات ہٹائے جانے کے بعد سبزی مارکیٹ ، جامع مسجد ، گوشت مارکیٹ ،کے علاوہ میرپورخاص روڈ ، سانگھڑ روڈ ، ہتھونگو روڈ اور شہید چوک انتہائی کشادہ اوردلچسپ منظر پیش کرنے لگا تھا لیکن اتنی عوامی سہولتوں کو شاہد کسی کی نظر بد لگ گئی اور آہستہ آہستہ پھر سے تجاوزات کا عمل دخل شروع ہو گیا ہے جن دکانداروں کے سامنے چھپرے گرائے گئے تھے ان دکانداروں نے مختصر عرصے بعد ہی دکانوں کے آگے نئے چھپرے اور تھلےبنالئے ہیں ۔مزید ستم ظریفی یہ ہے کہ ان دکانداروں نے گندے پانی کی نکاسی کی نالیوں اور سڑکوں پر اپنی دکانوں کا سامان سجا دیا ہے ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور پیدل چلنے والوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہا ہے ۔کھپرو کے عوامی اور سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کھپرو شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن مہم دوبارہ شروع کی جائے ۔
تازہ ترین