• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کا برطانیہ میں نمایاں مقام باعث فخر ہے،شیڈووزیر افضل خان

مانچسٹر (غلام مصطفی مغل) پاکستانی و کشمیری نژاد برطانوی شہریوں کا تمام شعبہ جات میں نمایاں مقام حاصل کرنا باعث فخر ہے، خاص کر سیاست کے اندر برطانیہ بھر میں کونسلرز، میئرز، ڈپٹی میئرز اور برطانوی و یورپین پارلیمنٹ میں نمائندگی اس بات کا بولتا ثبوت ہے کہ ہماری کمیونٹی میں شعور بڑھ رہا ہے اور وہ اس میں خاص دلچسپی لے رہے ہیں۔ مانچسٹر کونسل میں بہت عرصے سے بحیثیت کونسلر اور لارڈ میئر خدمات انجام دینے والے انتہائی متحرک و تجربہ کار سیاسی و سماجی شخصیت کونسلر نعیم الحسن کا دوبارہ لیبر پارٹی چیتہم ہل وارڈ مانچسٹر سے انتخاب مقامی کمیونٹی کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔ اس پر لیبر پارٹی کے ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممبر برطانوی پارلیمنٹ و شیڈو وزیر امیگریشن افضل خان نے کونسلر نعیم الحسن کی جانب سے مقامی کمیونٹی کے لیے رکھی گئی ایک تقریب کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کمیونٹی کے جتنے افراد بھی آگے آئیں گے اس سے پالیسی ساز معاملات پر ان کی شنوائی ہوگی اور مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ برابری کی سطح پر مواقع موجود ہیں ہمیں ان سے استفادہ حاصل کرنے کا طریقہ کار اپنانے کی ضرورت ہے۔ کونسلر نعیم الحسن نے کہا کہ جس طرح کمیونٹی اور لیبر پارٹی کے ممبران نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے قابل ستائش و فخر ہے، پہلے بھی انہوں نے لوگوں کے مسائل کو حل کروانے میں کبھی کوتاہی نہیں کی اب دوبارہ اعتماد کرنے پر آگے بڑھ کر مقامی افراد کی خدمت کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے، ہمیشہ سیاست کو عبادت سمجھا ہے، اس سلسلے میں کمیونٹی کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ مسائل کو حل کرنے میں دشواری نہ ہو۔ اس موقع پر عامر سلام، خالد محمود، کونسلرز حیدر، پاٹا کرین، فیونا وارل، جواد امین ڈار، علامہ بدر الدین، امیر عباس شاہ، سید افتخار کاظمی کے علاوہ دیگر کمیونٹی رہنما شریک تھے۔
تازہ ترین