• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری کا گھوڑا اور کُج مینوں مرن دا شوق وی سی
پنجاب ہائوس میں جب فضا سوگوار سی تھی تو نواز شریف نے ایک لطیفہ سنا کر سب کی آنکھوں کے آنسو قہقہوں میں بدل دیئے،دوسری جانب چیف جسٹس نے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے پہلے منیر نیازی کا یہ شعر پڑھا
کج اونج وی راہواں اوکھیاں سن
کج گل وچ غماں دا طوق وی سی
کج شہر دے لوک وی ظالم سن
کج سانوں مرن دا شوق وی سی
چودھری کا گھوڑا جو سب سے پیچھے تھا اور چودھری پریشان سگریٹ پر سگریٹ پئے جا رہا تھا اور کسی نے پوچھا تو چودھری نے کہا دیکھو میرے گھوڑے نے سب کے گھوڑوں کو آگے لگایا ہوا ہے، اور چیف جسٹس نے منیر نیازی کا شعر سنا کر یہ بتا دیا کہ ان کے سامنے مشکلات کا ایک انبار ہے اور یہ ان کے شانوں کی قوت ہے کہ اس انبار کو اٹھا کر اس طرح چل رہے ہیں کہ؎
چال جیسے کڑی کمان کا تیر
دل میں ایسے کے جاکرے کوئی
بہرحال یہ قدرت کی تقسیم ہے کہ ہر شخص اپنے اپنے کام کیلئے پیدا ہوا ہے پشتو کا ایک شعر ہے ہم ترجمہ پیش کرتے ہیں
پیدا ہوا ہر بندہ اپنے کار کیلئے
خنجر کو تیز کرتے ہیں وار کے لئے
زلفیں جو بل کھاتی ہیں تو یار کیلئے
پیدا ہوا ہر بندہ اپنے کار کیلئے

چوہدری کا گھوڑا سب سے پیچھے ،جج کی راہیں مشکل
آسان کر دے یارب پاکستان کی ہر ایک مشکل
٭٭ ٭ ٭ ٭
فیصلے پہلے لکھے پھر پڑھے جاتے ہیں
مریم اورنگزیب کہتی ہیں:پہلے سے لکھے فیصلے سنائے جاتے ہیں محترمہ نہایت لائق فائق خاتون ہیں آکسفورڈ سے فارغ التحصیل ہیں وہ تنقید کریں یہ ان کا بنیادی حق ہے مگر اس طرح کہ تنقید سمجھنے میں کسی کو مشکل پیش نہ آئے، اب یہ کہنا کہ سپریم کورٹ پہلے سےلکھے فیصلے سناتی ہے یہ بات ناقابل فہم بھی ہے اور محترمہ کے شایان شان بھی نہیں، اب یہ ایک ایسا الزام ہے کہ اگر اسے ثابت کرنا پڑے تو محال ہے اور خود محترمہ بھی مشکل میں پڑ جائینگی۔مریم اورنگزیب اپنی وزارت نہایت کامیابی سے چلا رہی ہیں اور ہم تو پرامید ہیں کہ ہمیں آئندہ الیکشن کے بعد بھی وہی بحیثیت وزیر اطلاعات و نشریات نصیب ہوں، اس لئے نیک دلی سے اپنی رائے ہی ان کےگوش گزار کی ہے ہم ان سے ایک اور گزارش بھی کرنا چاہتے ہیں کہ ان دنوں پیمرا، کیبل پر جو محزب اخلاق تفریحی نشریات پیش کی جا رہی ہیں ان کو سنسر کی نگاہوں سے دیکھا جائے اور پابند کیا جائے کہ تفریح کا مطلب یہ نہیں کہ فیملی مل بیٹھ کرتفریحی پروگرام دیکھ بھی نہ سکے اور کوشش کی جائے کہ بالی وڈ کی عریانی ہماری آنکھوں تک نہ پہنچے کیونکہ ان کے گانوں میں شاعری موسیقی تو کجااعتدال بھی نہیں ہوتا بلکہ ابتذال بکثرت ہوتا ہے کہ صرف بدن کی فرسودہ نمائش تو کوئی تفریح نہیں موسیقی کی تذلیل ہے، رقص کی بےحرمتی ہے بھارتی فلموں ڈراموں کی بھرمار کیوں ہے۔پی ٹی وی کی بھولی بھسری سیریلز ہی دکھا دی جائیں مریم اورنگزیب صاحبہ سے توقع ہے کہ ہماری گزارشات پر ضرور غور فرمائیں گی۔
٭٭ ٭ ٭ ٭
جنت کی حور
کیپٹن صفدر نے کہا ہے:مریم جنت کی حور کی طرح، دوسری شادی نہیں کروں گا، شادیاں کرنا عمران کا ذاتی فعل، تاہم جن مقاصد کیلئے وہ شادیاں کرتے ہیں انہیں ایسا نہیں کرنا چاہئے، انکل شہباز سے کہوں گا کہ وہ چار شادیاں کرلیں ہم کیپٹن صاحب کو یہ تجویز پیش کریں گے کہ وہ اپنی حور کا روزانہ صدقہ اتارا کریں، اور دو رکعت شکرانے کے بھی ادا کریں کیونکہ ان کو اس زمین پر ہی حور مل گئی ، اب آگے چل کرملے نہ ملے انہیں چنداںخواہش نہیں ہو گی، باقی جہاں تک خان صاحب کی شادیوں کا تعلق ہے تو وہ اکثر ناکام رہتی ہیں اب یہ معلوم نہیں کہ اس کی کیا وجہ ہے یہ تو معلوم نہیں مگر اتنا پتہ ہے کہ وہ مزید 3شادیاں کر سکتے ہیں پہلے والی مطلقہ ہیں اس لئے گنجائش موجود ہے کیپٹن صفدر اگرچہ دوسری شادی ہر گز نہیں کریں گے یہی انہوں نے کہا ہے مگر عمران اور انکل کو دیکھ کر ان کے دل میں کچھ کچھ ہوتا ہے جسے وہ انکل اور عمران کے قصے میں چھپا لیتے ہیں ویسے بھی اگر حور پر حور لائے تو وہ برخاست کئے جاسکتے ہیں اور وہ ایسا کبھی نہیں چاہیں گے وہ اس وقت طلسم حور میں آئے ہوئے ہیں اور خدا کرے کہ وہ اسی پر کاربند رہیں ویسے بھی
دوسری شادی عذاب ہے یارو
چھین لے مجھ سے پہلی بیوی کوئی
بہرحال وہ پہلے مصرعے تک ہی رہیں ان کی روشن مستقبل کیلئے یہی ٹھیک ہے ۔انہوں نے یہ بھی بڑا ستم ظریفانہ تبصرہ کیا ہے کہ ان کے انکل شادیاں مخصوص مقاصد کیلئے نہیں کرتے جبکہ خان صاحب کے مخصوص مقاصد ہوتے ہیں جو کیپٹن صفدر بتادیں تو ان سے سب استفادہ کر لیں گے۔
٭٭ ٭ ٭ ٭
مقابلہ زن مریدی
٭پرویز مشرف :عام انتخابات سے قبل ہر حال میں پاکستان آئوں گا۔
الجھا ہے پائوں یار کا زلف دراز میں
خود آپ اپنے دام میں صیاد آ گیا
٭کینیڈین وزیر اعظم:سکھ علیحدگی پسندوں کے پیچھے کینیڈا کا ہاتھ نہیں۔
اب چاہئے کہ بد سے بدنام برائے تحت کینیڈین وزیر اعظم سکھوں کو کینیڈا بلا لیں ،ویزے کی پابندی بھی ہٹا دیں، تاکہ مودی کی تسلی ہو جائے ۔
٭خواجہ سعد رفیق:لٹیرے کا الزام لگانے والوں کو اللہ ہدایت دے،
اگر وہ یوں کہتے کہ اللہ لٹیروں کو ہدایت دے تو الزام لگانے والے لٹیرے ثابت ہو جاتے، اور وہ صادق و امین

تازہ ترین