• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی کامیابی

Todays Print

دبئی(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)پاکستان سپرلیگ سیزن تھری کے گزشتہ روز کھیلے گئے دو میچز میں پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمین پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 33رنز سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندر کو 9وکٹوں سے شکست دیکر پہلی کامیابی نام کی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور قلندر کا قسمت ایک بار پھر ساتھ نہ دے سکی، مایوسیاں بدستور لاہور کا پیچھا کررہی ہیں۔گذشتہ دو ٹورنامنٹ میں آخری نمبر پر آنے والی ٹیم کو تیسرے سال بھی مسلسل دوسرے میچ میں شکست ہوئی۔لاہور کی بڑی بیٹنگ لائن اپ تنکوں کی طرح بہہ گئی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندر کو9وکٹ سے شکست دے دی۔کوئٹہ نے میچ 14اوورز میں جیت لیا۔آسٹریلوی شین واٹسن نے42گیندوں پر66رنز بناکر میچ کو یک طرفہ کردیا۔واٹسن نے پانچ چھکے اورپانچ چوکے مارے۔اسد شفیق نے38اور عمر امین13رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔لاہور قلندرز نے 119 رنز اسکور کیے۔دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز کی جانب سے برینڈن مکلم اور سنیل نارائن نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں نے ابتداء سے جارحانہ انداز اپنائے رکھا۔لاہور قلندرز کو پہلا نقصان چوتھے اوور میں ہوا جب سنیل نارائن 10 گیندوں پر 28 رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر انور علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔انہوں نے شین واٹسن کے ایک اوور میں24رنز بنائے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جو ایک رن بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔لاہور قلندرز کو تیسرا نقصان بھی 60 کے مجموعی اسکور پر اس وقت ہوا جب برینڈن میکالم 30 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔کیمرون ڈیلپورٹ بھی دو چھکوں کی مدد 8 گیندوں پر 15 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر انور علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔اگلے ہی اوور میں حسان خان نے عمر اکمل کو ایک رن پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔رضا حسن اور گلریز صدف بھی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور بالترتیب 4 اور 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔لیگ اسپنر یاسر شاہ نے شین واٹسن کی گیند گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش کی تاہم صرف وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے پائے۔ اختتامی بیٹسمین بھی اسکور میں کوئی خاص اضافہ نہ کرپائے اور لاہور قلندرز اپنے مقررہ اوورز میں صرف 119 رنز ہی بناسکی۔کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے اپنے چار اوورز میں محض چار رنز ہی دیے اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اپنے اسپیل کے دوران انہوں نے 20 ڈاٹ بالز کروائیں۔ جوفرا آرچر نے بھی 23 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 33رنز سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی۔پشاورزلمی کو پہلے میچ میں ملتان نے شکست دی تھی۔دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عمید نے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میں بہترین بولر کا اعزاز حاصل کیاتھا۔انہوں نے23رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔عمید کے علاوہ حیدرآباد کے19سالہ لیگ اسپنر ابتصام نے شاندار بولنگ کی۔انہوں نے 20 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ایک وکٹ وہاب ریاض کے حصے میں آئی۔عمید کو پشاور کی ٹیم میں حسن علی کی جگہ کھلایا گیا تھا۔انہوں نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کردکھایا اور حریف بیٹنگ لائن میں شگاف ڈال دیا۔اسلام آباد نے 9وکٹ پر142رنز بنائے۔پہلا پی ایس ایل میچ کھیلنے والےفہیم اشرف نے نویں نمبر پرسب سے زیادہ54رنز 30گیندوں پر بنائے۔جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔اسلام آباد یونائیٹڈکو پہلا نقصان دوسرے اوور میں 15 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب چاڈوک والٹن 11 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیوک رونچی تھے جو دوسرے ہی اوور میں عمید آصف کی گیند پر وہاب ریاض کو کیچ دے بیٹھے۔ سلام آباد یونائیٹڈ کا تیسرا کھلاڑی بھی عمید آصف نے ہی آؤٹ کیا، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی آصف علی تھے جو 7 رنز بنا کر حفیظ کو کیچ دے بیٹھے۔حسین طلعت کو بھی عمید آصف نے ہی آؤٹ کیا، انہوں نے دو رن بنائے اور وکٹوں کے پیچھے کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔کرس جارڈن نے افتخا ر احمد کی اننگز کا خاتمہ کیا۔شاداب خان نوجوان ابتصام شیخ کی بولنگ پر آوٹ ہوئے۔شاداب خان اور آندرے رسل کو بالترتیب 2 اور 11 کے انفرادی اسکور پر ابتصام شیخ نے آؤٹ کیا۔نویں اوور میں پچاس رنز پر چھ وکٹ گرنے کے بعد اسلام آباد کی ٹیم میچ میں واپس نہ آسکی۔پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کامران اکمل اور تمیم اقبال نے ٹیم کو 69 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔پہلے میچ میں صفر پر آوٹ ہونے والے کامران اکمل 32 گیندوں پر 53 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ تمیم نے ڈیرن اسمتھ کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا مگر 121 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 39 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد دیگر کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رکے۔حارحانہ موڈ میں نظر آنے والے ڈیوائن اسمتھ بھی 21 گیندوں پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ لیا۔فہیم اشرف نے اپنے اگلے اوور میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو بولڈ کر دیا، سیمی نے 6 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 9 رنز بنائے۔حارث سہیل محمد سمیع کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں آندرے رسل کے ہاتھوں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 4 رنز بنائے۔وہاب ریاض 7 رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جبکہ محمد حفیظ 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رومان رئیس، محمد سمیع، سمت پٹیل اور آندرے رسل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

تازہ ترین