• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چنگ فورڈ میں معذوروں کے کیئر ہوم میں آتشزدگی،ایک خاتون ہلاک

لندن( پی اے ) نارتھ ایسٹ لندن کے علاقے کننگٹن کریسنٹ چنگ فورڈ میں سیکھنے کی صلاحیت سے محروم معذور لوگوں کے کیئر ہوم میں آتشزدگی کے نتیجے میں کیئر ہوم کی ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔آگ رات کو 2بجکر14 منٹ پر شروع ہوئی اورصبح5 بجکر24 منٹ پر اس پر قابو پالیاگیا۔فائر فائٹرز کے موقع پر پہنچنے سے قبل ہی 3 منزلہ عمارت سے 8 معذور اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے4 افراد عمارت سے باہر نکل آنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔جب 10 فائر فائٹرز موقع پر پہنچے تو عمارت کی نچلی اوراوپر کی 2منزلیں شعلوں کی لپیٹ میں آچکی تھیں ۔فائر فائٹرز کے آمد سے قبل ہی ارد گرد کی عمارتوں سے بھی دیگر 16افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔لندن فائر بریگیڈ کاکہناہے کہ پیرا میڈکس نے ایک خاتون کی جان بچانے کی کوشش کی لیکن وہ دم توڑ گئی ۔ووڈ فورڈ، چنگ فورڈ، والتھیم سٹو ،انفیلڈ اور لیٹنسٹن فائر سٹیشنز کے 70 فائر فائٹرز نے آگ بجھانےکی کارروائی میں حصہ لیا چگ ویل کے سٹیشن منیجر رچرڈ جینسن کاکہناہے کہ کیئر ہوم کا عملہ عمارت سے لوگوں کونکالنے کی جدوجہد کررہاتھا،ابتدائی طورپر 999پر ایک پڑوسی نے آتشزدگی کی اطلاع دی تھی۔ جینسن کے مطابق آتشزدگی کی تفتیش کرنے کے ماہرین عمارت میں آتشزدگی کے اسباب اور ایک فرد کی ہلاکت کی تفتیش کررہے ہیں۔
تازہ ترین