• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرین لائن بس منصوبہ، تاخیر اور نقائص کے سبب عوام کیلئے زحمت بننے لگا

کراچی (اعجاز احمد،اسٹاف رپورٹر) کراچی کے شہریوں کے لیے زیر تعمیر گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبہ اپنی تکمیل کے بعد جہاں رحمت کا باعث ہو گا، وہیں اس کی تعمیر میں تاخیر اور بعض نقائص کے سبب یہ منصوبہ عوام کے لئے زحمت بھی بنتا جا رہا ہے، جبکہ مناسب احتیاطی تدابیر اختیار نہ کئے جانے سے منصوبے کی سائٹ پر جان لیوا حادثات کا آغاز بھی ہو گیا ہے اور نارتھ کراچی میں زیر تعمیر اس منصوبے کے لیے کھودے گئے پانی سے بھرے ایک گڑھے میں منگل کے روز ایک بچہ ڈوب کر جاں بحق ہوا ہے،اس ضمن میں کراچی انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (کےآئی ڈی سی ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر صالح احمد فاروقی کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام ضروری حفاظتی انتظامات پر توجہ دیتے ہیں اوراکثر اس حوالے سے اجلاس بھی کئے جاتے ہیں، تاہم کس طرح یہ حادثہ پیش آیا! اس کا جائزہ لے کر حفاظتی انتظامات پہلے سے بہتر بنائیں گے،جبکہ جنرل منیجر (جی ایم) انجینئرنگ نثار احمد ساریونے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس حادثے کا دفاع کررہا ہوں نہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل ہوسکتا ہے، لیکن ہم متاثرہ خاندان کو معاضہ اداکریں گے،انہوں نے بتایا کہ جہاں یہ حادثہ پیش آیا وہاں صرف 3فٹ گہرا گڑھا ہے اور پانی کی لائنوں میں جگہ جگہ رسائو کے سبب اس طرح کے گڑھوں میں پانی بھر گیا ہے،منصوبے کی سائٹ پر مناسب حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں،مگر بچے اس کی پروا نہیں کرتے اور ان گڑھوں میں کود کر نہانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے، جس کے بعد ہی اس ضمن میں مزید کوئی کارروائی کی جائے گی۔
تازہ ترین