• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ گیمز میں بد انتظامی اور کھلاڑیوں کی شکایات جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ گیمز میں بے انتظامی اور کھلاڑیوں کی جانب سے شکایت کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ خواتین ہاکی ، فٹبال، بیڈ منٹن اور بعض دیگر کھیلوں کے لئے کھلاڑیوں کو فراہم کی گئی کٹ پر ان کا نام اور نمبر درج نہیں تھا جس پر انہوں نے خود چاک اور مارکر قلم سے اپنی شرٹ پر نام اور نمبر لکھے۔ جمعے کو بھی کئی سینٹرز پر کھلاڑیوں کو پینے کے لئے ٹھنڈا پانی دستیاب نہیں تھا ۔ ہائی جمپ کے لئے پھٹے ہوئے گدے استعمال کئے گئے جس پر جمپ کے دوران بے نظیر آباد کا کھلاڑی شہریار گر پڑا، اسے معمولی خراش آئی ۔ ادھر شدید گرمی کے سبب 400میٹرز ریس میں برانز میڈل جیتنے والی حیدر آباد کی کرن ریس کے اختتام پر چکرا کر بے ہوش ہوگئی جسے فوری طور پر طبی امداد دی گئی۔ ہائی جمپ مقابلوں میں استعمال ہونے والے گدے پی ایس بی کراچی سینٹر سے ہی لئے گئے تھے، پی ایس بی کے پاس ایتھلیٹکس کا سامان پورا نہیں ہے، اسی وجہ سے ہرڈلز اور پول والٹ ایونٹس منسوخ کردئیے گئے۔ فٹ بال مقابلے کے ایم سی اسٹیڈیم میں ہورہے ہیں۔ دوسرے دن بھی وہاں کھلاڑیوں کیلئے پانی موجود نہیں تھا،مقامی عہدیداروں نے اپنی جیب سے قیمت ادا کرکے کھلاڑیوں کیلئے پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا۔
تازہ ترین