• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک کو لگام نہ دی گئی تو اسلام آباد تک مارچ ہوگا، جماعت اسلامی کا مظاہرہ

کے الیکٹرک کو لگام نہ دی گئی تو اسلام آباد تک مارچ ہوگا،  جماعت اسلامی کا مظاہرہ

کراچی (اسٹاف رپوٹر )جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ اگر کے الیکٹرک کو لگام نہ دی گئی اور عوام کو لوڈ شیڈنگ سے دوچار کرنے اور اربوں روپے لوٹنے کے جرم پر کے الیکٹرک کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو ہم اسلام آباد تک لانگ مارچ بھی کرسکتے ہیں ، کے الیکٹرک کے خلاف 27اپریل کو کراچی میں پُر امن اور رضاکارانہ ہڑتال کی جائے گی، کے الیکٹرک کو تحفظ دینے والوں کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، کے الیکٹرک کے خلاف ہم نیب میں بھی جائیں گے ،چیف جسٹس آف پاکستان کے الیکٹرک کے خلاف ازخود نوٹس لیں تاکہ کراچی کے عوام کو ریلیف مل سکے اور کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کے دائر آئینی درخواستوں کی سماعت کو یقینی بنایا جائے ۔کے الیکٹرک نے اپنے خلاف فیصلون پر جتنے بھی حکم امتناع لیے ہوئے ہیں ان کو بھی دیکھا جائے اور ان کا حتمی فیصلہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کراچی پریس کلب پر کے الیکٹرک کی اذیت ناک لوڈ شیڈنگ اور شہرمیں پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ دھر نے سے نائب امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی ، نائب امراء کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، مسلم پرویز ،امیر ضلع شرقی یونس بارائی، امیر ضلع غربی عبد الرزاق خان ، جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن دھرنے سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کو ریلیف دلانے کی جدوجہد جاری ہے ہم ان شاء اللہ کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔جب عوام نکلتے ہیں تو ان کو کوئی روک نہیں سکتا،جو لوگ کے الیکٹرک کا نام نہیں لیتے تھے آج ان کو مجبورا بولنا پڑ رہا ہے کے الیکٹرک کی وکالت کرنے والے دکھانے کو ہی صحیح کے الیکٹرک کے خلاف ٹوکن احتجاج کررہے ہیں۔ہم نے گورنر سندھ کو عوام کے مسائل بتائے اور ان سے امید کی کہ وہ مسئلہ حل کرائیں گے مگر وہ بھی کے الیکٹرک کے وکیل ثابت ہوئے ۔ ہم وزیر اعلیٰ کو یاد دلاتے ہیں کہ جب کے الیکٹرک کو دو بار فروخت کیا گیا تو پیپلز پارٹی کا دور تھا اور زرداری نے ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر کے الیکٹرک کو فروخت کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ بتائیں کہ نوری آباد کے پلانٹ کو صرف تین دن میں گیس مل گئی اور گیس کمپنی سے معاہدہ ہوگیا لیکن کراچی کے عوام کے لیے ابھی تک کچھ نہیں کیا گیا ۔ جماعت اسلامی پوائنٹ اسکور کے لیے نہیں بلکہ مسئلہ کے حل کے لیلے جدوجہد کرتے ہیں اس لیے وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دینے کے فیصلے کو تبدیل کیا۔ لیکن ہم نے ان کو بتادیا تھا کہ اگر لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں ہوا تو ہم احتجاج جاری رکھیں گے اور 27اپریل کو کراچی میں عوام کے حقوق کے لیے پُر امن آئینی و جمہوری اور قانونی طور پر ہڑتال کریں گے۔آئندہ چند دنوں میں کراچی میں ہزاروں کارنرمیٹنگز کریں گے اور عوام سے رضاکارانہ ہڑتال کی اپیل کریں گے۔ہم کے الیکٹرک کی مستقبل مانیٹرنگ کریں گے ، وقتی طور پر ریلیف دے کر عوام کو دھوکا نہیں دینے دیں گے ۔کے الیکٹرک کی انتطامیہ کو بری الذمہ قراردینے اور تحفظ دینے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

تازہ ترین