• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس نے خیبرپختونخوا میں تبدیلی کے دعوئوں کی قلعی کھول دی، کپتان کی اصلیت پوری قوم کو دکھادی، اسفندیار

چارسدہ (نمائندہ جنگ) اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے خیبر پختونخو ا میں تبدیلی کے دعوئوں کی قلعی کھول کر کپتان کی اصلیت پوری قوم کود کھا دی۔ اے این پی کے ترقیاتی منصوبوں پر تحریک انصاف تختیاں لگا کر قوم کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ اٹھارویں ترمیم سے چھیڑ چاڑ کرنے والوں کے گریبان پر میرا ہاتھ ہو گا ۔ آفتاب شیر پائو نے 4ہزار پاکستانیوں کو امریکہ کے حوالے کیا جبکہ 12مئی کو کراچی میں فسادات کے ذمہ دار بھی آفتاب شیر پائو ہے ۔آفتاب شیرپائو کے مہران بینک اسکینڈل کے ثبوت میر ے پاس موجود ہیں۔ مشرف کے چاپلوسی کرنے والے کس منہ سے پختونوں کے حقوق کی باتیں کر رہے ہیں ۔ وہ چارسدہ کے علاقہ کلیاس میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ جلسہ سے اے این پی کے ضلعی صدر بیرسٹر ارشد عبداللہ نے بھی خطاب کیا ۔ جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ کپتان کی سیاست میںآنے سے شائستگی ختم ہو چکی ہے ۔ کپتان نے گالی گلوچ کی سیاست کو دوام دیکر سیاست سے سنجیدگی ختم کی ہے ۔ مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی پر تنقید کر تے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ دونوں رہنماء فاٹا انضمام میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان ایک ٹیلی فون کال پر فاٹا انضمام کا بل رکوا سکتے ہیں مگر نفاذ اسلام کیلئے عملی کام نہیں کرتے ۔ ایم ایم اے کی بحالی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں بلکہ جماعت اسلامی اور جے یوآئی کی نظریں اسلام آباد پر لگی ہوئی ہے ۔ جماعت اسلامی صوبائی حکومت کی اتحادی ہو کر وفاقی حکومت اور جے یوآئی وفاقی حکومت کا حصہ ہو کر صوبائی حکومت پر تنقید کر رہی ہے مگر دونوں میں سے کوئی حکومت چھوڑنے کو تیار نہیں۔ اسفندیار ولی خان نے عمران خان اور دیگر سیاسی قائدین کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ حلف بر قرآن تمام سیاسی قائدین ٹی وی پر بیٹھ کر قوم کو بتائیں کہ کس نے کتنی قومی دولت لوٹی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پر اپنے ارکان اور وزراء کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں مگر عمران خان کو کچھ نظر نہیں آرہا۔ تحریک انصاف کے صوبائی حکومت اے این پی دور حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر تختیاں لگا کر قوم کو بے وقوف بنا رہی ہے ۔
تازہ ترین