• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹے پر11ارب کی سبسڈی‘شہبازنے رمضان پیکیج کی منظوری دیدی

لاہور(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان المبارک کے دوران صوبہ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان پیکیج 2018ءکی منظوری دی گئی‘ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ماہ مقدس میں سستے آٹے کی فراہمی پر 11 ارب روپے کی خطیر سبسڈی دی جائےگی، رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں 20 کلوگرام آٹے کا تھیلا 500 روپے جبکہ 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 250 روپے میں دستیاب ہو گا، رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کیلئے صوبہ بھر میں 300 سے زائد سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 32 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں کے طور پر کام کریں گے، فری سحر و افطارکیلئے صوبہ بھر میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جائیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں دالیں، گھی، چینی، پھل اور سبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی، سستے رمضان بازاروں میں زرعی فیئرپرائس شاپس بھی قائم کی جائیگی اور ان زرعی فیئر پرائس شاپس پر دالیں اور سبزیاں مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی‘وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ، پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں نمایاں طور پر آویزاں ہونی چاہیئں اور عوام کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پرائس بورڈ لگائے جائیں، انہوں نے کہا کہ گرمی کے پیش نظر رمضان بازاروں میں خریداروں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں اور پارکنگ کا مناسب انتظام ہونا چاہئے۔
تازہ ترین