• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
دمشق (جنگ نیوز) شامی فوج نے دوما میں وسیع و عریض قبر سے 112 لاشیں دریافت کرلیں ، دوما پہلے مسلح باغیوں کے زیر کنٹرول تھا۔ شامی فرانزک میڈیسن کے جنرل ڈائریکٹر ظہیر حاجو نے کہا ایسا دکھائی دیتا ہے کہ یہ حکومت اور باغیوں کے درمیان شدید لڑائی کے نتیجے میں ہلاک ہوئے، لاشوں کو شناخت کے لیے فرانزک ڈپارٹمنٹ بھیجا جا چکا ہے ۔ یاد رہے کہ شامی فورسز اور باغیوں کے درمیان انخلا کے معاہدے کے بعد دوما کو گزشتہ ہفتے باغیوں نے خالی کیا تھا۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں برطانوی سفیر کیرن پیئرس نے کہا ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کے معائنہ کاروں کو شامی شہر دوما میں فوری طور پر جانے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور شام کو اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے جلد از جلد ان معائنہ کاروں کو مشرقی غوطہ کا دورہ کرانا چاہیے تاکہ وہ اپنی چھان بین مکمل کر سکیں۔ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ شامی فورسز نے دوما میں کیمیائی ہتھیار استعمال کیے تھے تاہم دمشق اور ماسکو ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ دوما میں حالیہ مبینہ کیمیکل حملے کے بعد امریکا اور اس کے اتحادی ممالک نے شام میں فضائی حملے بھی کیے تھے۔دریں اثناء امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ روس اور شام دوما میں کیمیائی حملے کے ثبوت مٹار ہے ہیں۔اس سے قبل پینٹا گون کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ شام کیمیائی حملے کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔ صدر بشار الااسد کے پاس اب بھی کیمیائی حملے کی محدود صلاحیت موجود ہے۔
تازہ ترین