• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن میں خطرات،حساس اداروں نے رپورٹ وزارت داخلہ و الیکشن کمیشن کو دیدی

اسلام آباد ( ایجنسیاں )حساس اداروں نے ا لیکشن 2018 کے دوران ملک بھر میں 60 ہزار 100 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیدیا،بلوچستان کے 1768 پولنگ اسٹیشنز جبکہ 3536 پولنگ بوتھ حساس قرارخیبرپختونخوا 7356 پولنگ اسٹیشنز اور 21158پولنگ بوتھ حساس قرار، وزارت داخلہ اور ا لیکشن کمیشن نے تمام چیف سیکرٹریز اورآئی جیز کو اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دیے، حساس اداروں نے چاروں صوبوں میں الیکشن کے موقع پر ممکنہ خطرات پر مبنی رپورٹ وزارت داخلہ اور الیکشن کمیشن کو پیش کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں علیحدگی پسند تنظیمیں ،پنجاب میں انتہا پسندتنظیمیں ، سندھ میں ایم کیو ایم لندن ،خیبر پختونخوا میں دہشت گرد تنظیمیں جبکہ پختون تحفظ موومنٹ کے لوگ سابقہ فاٹا میں 25 جولائی کو انتخابی عمل کو نقصان پہنچاسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے خفیہ معلومات پر مبنی رپورٹ وزارت داخلہ اور الیکشن کمیشن کو پیش کی ہے جس میں 25 جولائی کو عام انتخابات کے بعد ملک کے چاروں صوبوں میں ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا گیا ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں علیحدگی پسند تنظیمیں الیکشن کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔پنجاب میں مذہبی انتہاپسند 25 جولائی کو صورت حال خراب کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں ، اسی طرح سندھ میں ایم کیو ایم لندن والے انتخابی عمل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور خیبر پختونخواہ میں بھی مختلف دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے حملوں کا خدشہ ہے جبکہ پختون تحفظ موومنٹ کے لوگ سابقہ فاٹا میں انتخابی عمل کے دوران بدامنی پھیلا کر الیکشن خراب کر سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن نے رپورٹ میں بیان کئے گئے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو اقدامات کرنے کاحکم دیدیا ہے۔

تازہ ترین