• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلٹ پیپرز کی چھپائی و ترسیل کا عمل مکمل،ووٹنگ کا طریقہ کار بھی وضع کر دیا گیا

اسلام آباد ( طاہر خلیل)الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے انتخابات 2018 کے سلسلے میں 22 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل کا عمل مکمل کرلیا، ساتھ ہی ووٹنگ کا طریقہ کار بھی وضع کردیا۔قومی شناختی کارڈ کے بغیر ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی،پولنگ کا وقت صبح 8تا شام 6بجے ہوگا،الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے طریقہ کار وضع کرتے ہوئے بتایا کہ قومی اسمبلی کے لیے سبز جبکہ صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپر ہوگا۔ووٹرز کے لیے جاری ہدایات کے مطابق پہلے مرحلے میں پولنگ افسر ووٹر کا اصل شناختی کارڈ اور ووٹر لسٹ میں درج نام دیکھے گا۔اس کے بعد ووٹر کا نام اور سلسلہ نمبر پولنگ ایجنٹس کے لیے بلند آواز میں پکارا جائے گا، پھر ووٹر کا نام سیدھی لکیر لگا کر فہرست سے کاٹ دیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق فہرست سے نام کاٹ دینے کے بعد ووٹر کے انگھوٹے کا نشان لیا جائے گا اور انگھوٹے کے ناخن کے جوڑ پر نہ مٹنے والی سیاہی کا نشان لگایا جائے گا۔اس کے بعد دوسرے مرحلے میں اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسر بیلٹ پیپر کی پشت پر دستخط اور مہر لگائے گا، جس کے بعد ووٹر ووٹنگ سکرین کے پیچھے جا کر اپنے پسند کے امیدوار کے انتخابی نشان پر مہر لگائے گا۔عام انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ووٹرز کو اصل شناختی کارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شناختی کارڈ کے بغیر ووٹر کو ووٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی الیکشن کمیشن نے بتایا کہ زائد المعیاد شناختی کارڈ والے ووٹرز کو ووٹ ڈالنے دیا جائے گا۔

تازہ ترین