• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگی قیادت اپنی تباہی کیلئے خود ہی کافی ہے،حسن نثار

کراچی ( ٹی وی رپورٹ) معروف تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ ن لیگ تو نمک کی طرح پانی میں گھل چکی ہے ن لیگ کی قیادت اپنی تباہی کے لئے خود ہی کافی ہے،اقتدار کا مل جانا خوشی کی بات نہیں کیونکہ عمران خان پر ایک بھوکے ننگے ملک کے 22کروڑ عوام کی ذمہ داری آگئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارعمران خان کی پسند سے متعلق سوال پر حسن نثار کا کہنا تھاکہ مجھے امید ہے کہ وہ ڈیلیورکرجائیں گے ۔وہ جیو نیوز کےپروگرام ’’میرے مطابق ‘‘ میں میزبان شجیعہ نیازی کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے۔ایک سوال کے جواب میں حسن نثارکا کہنا تھا کہ مجھے پیپلزپارٹی اور ن لیگ سے نفرت تھی میں ان کو 25 سال تک Kiss of death بوسہ مرگ سمجھتا رہا ہوں ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ دونوں دو منہ والے سانپ کی طرح ہیں ۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ میرے سیاسی ایمان کا حصہ تھا کہ اللہ ایک ناں ایک دن اس ملک پر مہربان ہوگا اور ایک وقت آئے گا کہ جب کوئی وزیراعظم نہیں بلکہ انسان حکمران ہوگا ملک میں دو ہی سیاسی قوتیں ہونی چاہئیں ،لیکن ہمارے مزاج اور ملک کی صورتحال ایسی ہے کہ ہمیں تین کی ضرورت بہرحال ہے ضرورت ہے کہ ہمارے پاس تیسری طاقت بھی ہو تاکہ دو پارٹیاں مل کر ملی بھگت کے ساتھ عوام کے ساتھ بدمعاشی نہ کرسکیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارعمران خان کی پسند سے متعلق سوال پر حسن نثار کا کہنا تھاکہ مجھے امید ہے کہ وہ ڈیلیورکرجائیں گے کیونکہ چوہدری پرویز الٰہی ، چوہدری سرور ، علیم خان ان کے ارد گرد بٹھا دیئے گئے ہیں اگر پھر بھی عثمان بوزدار ڈلیور نہ کرپائے تو پھر ان کی سزا اسی وقت تجویز ہوگی ۔ چوہدری پرویز الٰہی کے فارورڈ بلاک بنانے کے سوال پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے اپنے لوگ ان کو چھوڑ دیں گے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ فرعون ہیں ان کی عادتیں نہیں بدل سکتیں ۔ شجیعہ نیازی کے سوال کہ عمران خان نے 20 وفاقی وزراء کا اعلان کیاجو ان کی ڈریم ٹیم ہے کے جواب میں حسن نثار نے ہنستے ہوئے کہا کہ یہ کوئی ڈریم ٹیم نہیں ہے مجھے تو اس نے مایوس کر دیا ہے اس ٹیم میں ناں کوئی عابد شیر علی ہے ، ناں کوئی طلال ہے ، ناں کوئی لوہے کا چنا ہے ناں خواجہ آصف ہے یہ کیسی ٹیم ہے جس میں کوئی انٹرٹینمنٹ والی بات ہی نہیں ہے ۔ مولانا فضل الرحمن تک موجود نہیں میں تو اداس ہوگیا ہوں ۔ اب ٹی وی دیکھو تو یہ شکلیں یہ روشن چہرے نظر نہیں آتے ۔انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کی حوالے سے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ ان تک اپنی رسائی کو آسان بنائے کیونکہ رسائی اگر براہ راست ہو اور تیز ہو تو بہتر ہوگا اور اس کے نتائج بھی عمران خان خود دیکھ سکیں گے کتنے بہترین آتے ہیں ۔ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے عمران کے وزیراعظم بننے پر کہنا کہ یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے اور میں اس سے خوف زدہ ہوں پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ یہ وہ انعام ہوتا ہے جس کے اندر بہت خوفناک امتحان چھپا ہوتا ہے ۔حضرت عمر بن عبدالعزیز کی مثال دیکھ لیں اقتدار میں آئے تو چھ مہینے میں چہرہ ایسا ہوگیا کہ پہچانے تک نہ جاتے تھے ۔ اقتدار کا مل جانا خوشی کی بات نہیں کیونکہ عمران خان پر ایک بھوکے ننگے ملک کے 22کروڑ عوام کی ذمہ داری ہے ۔ حمزہ شہباز کے بیان کہ میں کامیاب سیاستدان نہیں اچھا انسان بننا چاہتا ہوں پر حسن نثارنے کہا ان کی خواہش اچھی ہے اس کی عزت کی جانی چاہئے لیکن کاش حمزہ یہ بات اپنے بڑوں تایا جی ، ابا جی ، تایا جی کے سمدھی جی کو بھی بتاتا کہ سیاست کو گولی مارو اچھے انسان بنو۔

تازہ ترین