• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مال گاڑی حادثے کے بعد سے مسافر ٹرینیں 9،9 گھنٹے تاخیر کا شکار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پڈعیدن اسٹیشن پر مال گاڑی حادثے کے بعد سے مسافر ٹرینوں کا نظام درہم برہم ہو گیا، ٹرینیں 9،9 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں جس سے مسافر سخت پریشان ہیں ، متبادل ٹرینیں اور اضافی بوگیاں نہ ہونے سے کئی ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ لاہور سے کراچی آنے والی جناح ایکسپریس کی بوگی میں اچانک آگ بھی لگ گئی ۔ذرائع کے مطابق پڈعیدن اسٹشین پر مال گاڑی حادثے کے بعد مسافرٹرینوں کی آمدو رفت کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، ہفتے کو ٹرینیں 9،9 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں، ریلوے کی جانب سے متعدد ٹرینیں منسوخ کردی گئیں اور ان کے مسافروں کو مختلف ٹرینوں میں اضافی بوگیاں لگا کر روانہ کیا گیا، جنہوں نے کئی کئی روز پہلےبکنگ کرائی تھی وہ ریلوے انتظامیہ پر برہم دکھائی دئیے، بعض مسافروں کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال پہلی بار پیدا نہیں ہوئی، لیکن ریلوے انتظامیہ اس سے کچھ نہیں سیکھتی۔دریں اثناء ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق ملت ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس منسوخ کی گئیں اور ان کے مسافروں کو دیگر ٹرینوں میں روانہ کیا گیا، جبکہ قراقرم ایکسپریس 6 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی جس میں ملت ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں اور بزنس ٹرین میں کراچی ایکسپریس کے مسافروں کو روانہ کیا گیا۔دوسری جانب لاہور سے کراچی آنے والی لگژری ٹرین جناح ایکسپریس کی ایک بوگی میں بن قاسم اسٹیشن پر آگ لگ گئی، تاہم بوگی خالی ہونے سے کوئی نقصان نہیں ہو، آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈکے عملے نے پہنچ کر آگ پر قابو پایا ۔ ریلوے حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔
تازہ ترین