• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسودہ حال لوگوں کو غریبوں، حاجتمندوں کی مدد کرنا چاہیئے،ڈاکٹر خالد عراقی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ آسودہ حال لوگوں کو غریبوں، حاجتمندوں کی مددکرنا چاہیئے،یہی حقوق العباد ہے۔ان خیالات کا اظہار کا انہوں نے جامعہ کراچی انتظامیہ کے زیر اہتمام اسٹاف کلب کے سبزہ زار پر منعقدہ عیدملن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹرخالد عراقی نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی کو بہت سارے مسائل کا سامنا ہے اور ان تمام مسائل کو ہم سب مل کرحل کرسکتے ہیں،جامعہ کراچی ہم سب کی ہے کسی فرد واحد کی نہیں ہے۔رسول اکرمؐ نے اپنی ذات سے ثابت کیا کہ اگر ہم کام کریں گے تو ہم ترقی کریں گے۔لوگ سوال کرتے ہیں کہ آپ کی پالیسی کیا ہے، میری پالیسی صرف ایک ہے اور وہ ہے برابری اور انصاف کی بنیاد پر کام کرنا۔اگر جامعہ کراچی کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے تو ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور ایک ورک کلچر پیدا کرنا ہے اوروہ ورک کلچر یہ ہے کہ جس کو جو ذمہ داری تفویض کی جائے وہ اسے خوش اسلوبی سے انجام دیں اور جو اچھا کام کرے اس کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ملازمین کو چاہیئے کہ وہ اپنے کام سے اپنی حیثیت منوائیں اور ایسے ملازمین کی ترقی میں کوئی رکاؤٹ کھڑی نہیں ہوسکتی۔کیمپس میں ایک مسئلہ صفائی کا بھی ہے اور ہم نے کم وقت میں کوشش کی ہے کہ کیمپس کو صاف ستھرابنایا جائے اور اس سلسلے میں کے ایم سی کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن کے تعاون پر میں جامعہ کراچی کی جانب سے ان کابیحد مشکور ہوں۔میں تمام روئسائے کلیہ جات،سابق وفاقی وزیرپروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمن، پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری،میونسپل کمشنر کے ایم سی ڈاکٹر سیف الرحمن، اراکین انجمن اساتذہ اور دیگر تمام اساتذہ اور غیرتدریسی ملازمین کی کیثرتعداد میں شرکت پر ان کا بیحد مشکور ہوں۔

تازہ ترین