• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی فیصلوں کو بنیاد بناکر سیاست نہ کی جائے،متحدہ پاکستان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کااجلاس عارضی مرکز بہادرآباد پر منعقد ہوا۔ جس کی صدارت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نےکی ،اجلاس میں کہا گیا کہ عدالت کے فیصلوں کو بنیاد بنا کر سیاست نہ کی جائے،عدالتی جنگ عدالتوں میں لڑی جائے ،قانون کی حکمرانی میں ہی پاکستان کی بقاء اور یکجہتی مضمر ہے،اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور زیر غور آئے۔اجلاس میں سندھ کے شہری علاقوں میں زبردستی کاروبار بند کرانے اور ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شرپسند عناصر کی مذمت کی گئی سیاسی مفادات کی آڑمیں سندھ کے شہری علاقوں کے عوام اور ان کی املاک کو نقصان پہچانا قابل مذمت ہے ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ حکومتی املاک اور شہری علاقوں کے عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔سندھ حکومت کی عدم توجہ غفلت اور کرپشن کے باعث سندھ بد حالی کا شکار ہے پاکستان اور بلخصوص سندھ بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کا احترام ہم سب پر لازم ہے کیوں کہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی میں ہی پاکستان کی سلامتی ،بقاء اور یکجہتی مضمر ہے۔عدالتی فیصلوں کو بنیاد بنا کر سیاست نہ کی جائے۔بلکہ عدالتی جنگ عدالتوں میں لڑی جائے۔رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ ملک کے تحقیقاتی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ ملزمان کو قانون کے مطابق صفائی کاپورا موقع دیا جائے اور قانون کے مطابق ان کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ کوئی بھی شخص کسی بھی قسم کی زیادتی اور نہ انصافی کو بنیاد بنا کر احتجاج نہ کرے۔رابطہ کمیٹی نے سابق سینیٹر عباس کمیلی کے وفات پر فاتحہ خوانی کی اور ان کے ایصال و ثواب کیلئے دعا کی۔
تازہ ترین