• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نصاب کو جدید تقا ضوں کے مطابق مرتب کرنے کی ضرورت ہے،ڈاکٹر خالد عراقی

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی کے تمام شعبہ جات کو بہتر سے بہتر سہولیات اور ان کی ضروریات کے مطابق وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور بالخصوص نمایاں کاکردگی کے حامل شعبہ جات جس میں کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول بھی شامل ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے زیر اہتمام ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ ہمیں عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق نصاب کو مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔فیکلٹی ڈیولپمنٹ ناگزیر ہے لیکن ان سب سے اہم فیکلٹی ریلیشن شپ ہے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو یقینی بناناہے۔انہوں نے ناظم مالیات کو ہدایت کی کہ نمایاں کارکردگی کے حامل شعبہ جات کو ان کی ضروریات وسائل فراہم کئے جائیںاور کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کو جو بھی مسائل درپیش ہیں انہیں فی الفور حل کیا جائے۔رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہم سب اپنا رول اداکریں اور تحقیق کو فروغ دیں۔جامعہ کراچی کے سابق رئیس کلیہ نظمیات وانتظامی علوم پروفیسر ڈاکٹر ابوذرواجدی نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہمارے شعبہ کا طالب علم ملک کی سب سے بڑی جامعہ کے وائس چانسلر کے عہدے پر فائز ہیں ۔سابق چیئر مین کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن ذکی نے کہا کہ ڈاکٹر خالد عراقی جامعہ کراچی کے پہلے نوجوان وائس چانسلر ہیں ، امید ہے کہ وہ جامعہ کراچی کے لئے ڈئنامک رول اداکریں گے۔اس موقع پرکراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے چیئر مین ڈاکٹرمحمدعاصم ،رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سلیم شہزاد نے بھی خطاب کیا ۔
تازہ ترین