• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوری طریقے سے حکومت کو گرانے کی کوشش کررہے ہیں،مشاہداللہ

  کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ہم آئینی اور جمہوری طریقے سے موجودہ حکومت کو گرانے کی کوشش کررہے ہیں ،بلوچستان عوامی پارٹی کی رہنما انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وہ چیئرمین سینیٹ کو سیکیور کرنا چاہتے ہیں،ماہر معاشیات اکبر زیدی نے کہا کہ عوام تیار ہوجائیں کہ ملک میں مہنگائی کی سونامی آنے والی ہے،وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کراچی میں پانی بحران پر کہا کہ ایسا نہیں کہ پانی کا بحران بہت شدید ہے ‘ پانی کئی علاقوں میں بدستور مل رہا ہے جن علاقوں کو پانی نہیں مل رہا ہے اس کے لئے ہمیں اپنی ڈسٹری بیوشن کو بہتر کرنا پڑے گا،میئر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ حکومت سندھ نے کے فور منصوبے میں تاخیر کردی ہے،کے فور منصوبے کافی پرانا ہوگیا ہے اس میں اتنی تاخیر کی گئی ہے کہ اب اس کی قیمت جو ہے وہ سوا کھرب تک پہنچ گئی ہے ۔ رہنما مسلم لیگ ن مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ سیاست کے اپنے ڈائنامک ہوتے ہیں ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ پہلے ہی ہمارا ممبر چیئرمین سینیٹ بنتا مگر اس وقت ایسا نہ ہوسکا تاہم اب امید یہی ہے کہ ہمارا ممبر ہی چیئرمین سینٹ بنے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئینی اور جمہوری طریقے سے موجودہ حکومت کو گرانے کی کوشش کررہے ہیں اور اس کے لئے پہلا اسٹیپ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانا ہے ۔دوسرا اسٹیپ 25 جولائی کا اقدام ہوگا جس میں جلسے ‘ جلوس ہوں گے عوام سڑکوں پر ہوں گے ۔ مینگل گروپ کی اپوزیشن کی حمایت پر ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحادی جماعت اگر کھل کر اس ایشو پر اپوزیشن کی حمایت کررہی ہے تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ حکومتی صفوں میں انتشار ہے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سینیٹ میں ہمیں یہ سرپرائز ہوتا بھی نظر آرہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ حکومتی صفوں سے کچھ ووٹ ہمیں مل جائیں ۔

تازہ ترین