• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع خیبر میں دہشتگردی کے بعد رونقیں بحال ہورہی ہیں،کریم خان

پشاور(کرائم رپورٹر) چیف کیپٹل پولیس آفیسر پشاور کریم خان نے کہا ہے کہ صوبہ میں انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں تیزی کے ساتھ پولیس دفاتر بھی قائم کئے جارہے ہیں تاکہ قبائلی عوام کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے، دہشت گردی کے بعد علاقہ کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے باڑہ میں ٹریفک دفتر کا افتتاح کیا گیا ہے تاکہ باڑہ اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک مسائل کو حل کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز قبائلی ضلع خیبر کا دورہ کرنے کے موقع پر پولیس اسٹیشن ”باڑہ“ اور ٹریفک دفتر کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔ڈی پی او خیبر محمد حسین خان، ایم این اے اقبال آفریدی، قبائلی مشران اور دیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔سی سی پی او کریم خان نے فاٹا انضمام کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انضمام کے بعد پسماندہ علاقوں میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا جس کے ثمرات قبائلی عوام تک پہنچیں گے، دورہ کے دوران سی سی پی او کریم خان نے باڑہ میں امن و امان کی بحالی کی خاطر پولیس رائیڈرز سکواڈ کا بھی افتتاح کرتے ہوئے ابتدائی طورپر ان کو خصوصی طور پر 8موٹر سائیکل فراہم کئے، سی سی پی او نے کہا کہ علاقہ میں پولیس گشت سے امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہو گی، اس موقع پر سی سی پی او کریم خان نے موجود شرکاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ شرپسند عناصر اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کا ساتھ دے کر اپنا قومی فریضہ سرانجام دیں۔بعد ازاں سی سی پی او کریم خان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی عوام کے ساتھ کھلی کچہری کا بھی انعقاد کیا، جس میں علاقہ مشران، قبائلی ملکان، سفید ریشوں اورمختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، اس موقع پر سی سی پی او کریم خان کو قبائلی عوام کی جانب سے روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی، سی سی پی او کریم خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلع خیبر کے محل وقوع، تاریخی پس منظر اور صدیوں سے جاری رسم و رواج پر خصوصی روشنی ڈالتے ہوئے انضمام اور اس کی اہمیت سمیت جغرافیائی حالات پر بھی روشنی ڈالی، کھلی کچہری کے دوران قبائلی عوام نے سی سی پی او کریم خان کو مختلف اجتماعی مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جس پر سی سی پی او نے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی،۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او کریم خان نے قبائلی عوام کی بہادری اورشجاعت کی تعریف کرتے ہوئے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ان کی خدمات کو سراہا، انہوں نے واضح کیا کہ قبائلی عوام نے جس انداز میں دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا وہ لائق صد تحسین ہے، انہوں نے ضم ہونے والے پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس انداز سے دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا وہ لائق ستائش ہے تاہم انضمام کے بعد ان کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئیں ہیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کو جدید تربیت دینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جس کے بعد ان کی کارکردگی میں مزید نکھار پیدا ہو گا، سی سی پی او نے کہاکہ پولیس میں ضم ہونے والے پولیس اہلکاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے، انہوں نے پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ قبائلی علاقوں میں امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ سماج دشمن عناصر پر بھی کڑی نظررکھیں، انہوں نے پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی عزت نفس کے ساتھ ساتھ صدیوں سے جاری رسم و رواج کو ملحوظ خاطر رکھیں۔کھلی کچہری کے دوران قبائلی مشران سی سی پی اوکریم خان کا علاقہ کا دورہ کرنے اور وہاں مختلف پولیس دفاتر کو قائم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا، قبائلی مشران نے اس موقع پر کہا کہ ضلع خیبر کے تمام قبائلی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کرتے ہوئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، انہوں نے علاقہ میں امن و امان کی بحالی اور دیگر جرائم پیشہ افرا د کے خلاف پولیس اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
تازہ ترین