• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو روز سے حادثات کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر، مسافر پریشان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پنجاب میں دو روز سے مسلسل ہونے والے ٹرین حادثات کے سبب کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والی متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں جس سے مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے،مزدور رہنما منظور احمد رضی نےوفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے،تفصیلات کے مطابق پنجاب میں بدھ اور جمعرات کو دو الگ الگ ٹرین حادثات کے باعث جمعرات کو کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والی تمام ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں جس سے مسافروں اور ان کے رشتے داروں کو شدید دشواریوں کا سامنا رہا اور انہوں نے سخت گرمی میں سٹی اور کینٹ اسٹیشنز پر اذیت ناک وقت گزارا،خصوصاً بچے، خواتین اور بزرگ انتہائی پریشان حال نظر آئے مگر ان کا کوئی پرسان حال نہیں تھا۔ ریلوے حکام کے مطابق جمعرات کو تاخیر سے آنے کی وجہ سے متعدد ٹرینیں کراچی سے روانگی میں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ پاکستان ایکسپریس دوپہر ایک کے بجائے 2:40 بجے، قراقرم ایکسپریس سہہ پہر 3:30 کے بجائے رات 11:30 بجے، پاک بزنس ایکسپریس سہہ پہر 4 بجے کے بجائے شام 7:30 بجے اور شاہ حسین ایکسپریس شام 7 کے بجائے رات 12 بجے روانہ ہوئیں،دریں اثناء ریلوے ورکرز یونین کے رہنما منظور رضی نے پاکستان ریلوے کی موجودہ صور حال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے اس مختصر دور میں اب تک سولہ سترہ ٹرین حادثات ہوچکےہیں ۔
تازہ ترین