• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’جج کی پریس ریلیز اور بیان حلفی میں تضاد ہے‘

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جج کی پریس ریلیز اور بیان حلفی میں تضاد ہے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی پریس ریلیز اور بیان حلفی ویڈیو سامنے آنے کے بعد گھڑی گئی باتیں ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ بعد میں گھڑی جانےو الی باتوں کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ بات بہت سیدھی ہے، ایک جج کی ویڈیو ریکارڈنگ ہے، جو کہہ رہا ہے کہ وہ بلیک میل ہوا، اس نے دباؤ میں آکر فیصلہ دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ویڈیو بیان کے بعد وہ جو مرضی کہتا رہے، اس کی کوئی حقیقت نہیں، جج کی پریس ریلیز اور بیان حلفی میں تضاد ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف جھوٹا کیس ہے، اس کی حقیقت بھی سامنے آجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو ایک جج پکڑا گیا ہے، کیا پتہ ہر جج ہی بلیک میل ہو رہا ہو، جب حکومت ہی بلیک میلنگ پر اتر آئے تو انصاف کا کیا بنے گا؟

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ویڈیو میں جج بلیک میل ہونے اور دباؤ میں فیصلہ کرنے کا اعتراف کررہا ہے، پریس ریلیز اور بیان حلفی بعد کی باتیں ہیں، جن کی کوئی حیثیت نہیں۔

تازہ ترین