• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ستر سال سے ٹیکس دینے والوں کو اب چور کہا جارہا ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 70سال سے ٹیکس دے رہے عوام کو ٹیکس چور کہا جار ہا ہے۔

راولپنڈی میں لیاقت باغ سے فوارہ چوک تک نکالے گئے جماعت اسلامی کے عوامی مارچ سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے وزیراعظم چور ہو تو عوام پر ٹیکس لگتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ عمران خان اب اپنے کہے کا جواب دیں اور بتائیں کہ عوام پر درجنوں اقسام کے ٹیکس کیوں لگ رہے ہیں؟

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کر کے عوام کو ڈپریشن میں ڈال دیا ہے،70سال سے عوام ٹیکس دے رہے ہیں پھر انہیں ٹیکس چور کہا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں 75فیصد لوگ مشرف کی کابینہ کے ہیں، باقی لوگ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے ہیں۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ کفن کا کپڑا بھی پچیس سو کا ہو گیا ہے عوام ڈپریشن کا شکار ہیں ملک پر قرضوں کا بوجھ کوہ ہمالیہ تک پہنچ گیا ہے آج پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے بھی شرمندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے لئے پیغام ہے کہ امریکہ جارہے ہیں تو عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے وائٹ ہاوس میں دھرنا دیں، قادیانیوں کے لئے ملک میں ماحول بنانے کی سازش کی جارہی ہے مگر یاد رہے ہم ختم نبوت پر مر مٹیں گے۔

تازہ ترین